پنجاب یونیورسٹی، انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی پروگرام

پنجاب یونیورسٹی، انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی پروگرام

لاہور (لیڈی رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئجز کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے سنیماٹوگرافی کے ذریعے مساوی حقوق سے متعلق آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پرتگالی سفیر جاؤ سبیڈو کاسٹا، ڈین پنجاب یونیورسٹی ڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، اٹلی سے پروفیسر رابرٹو تیتولی، افتخار فیروز، ڈاکٹر امان اللہ ملک، انچارج انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئجز اشوک کمار ، ڈاکٹر ایکرٹینا ، فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاؤ سبیڈا کاسٹا نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھنا بہت اہم ہے اس کے بر عکس آج دنیا بھر میں طاقتور طبقہ کمزور کو دبا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرتگال بنیادی انسانی حقوق کیلئے کام کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اساتذہ کے وفود کا تبادلہ کرنے کیلئے اقدامات کئے جا سکتے ہیں ۔

جس کی بدولت پرتگالی اساتذہ پرتگالی زبان اور ثقافت کو فروغ دینے کیلئے پاکستان آسکتے ہیں۔ انہوں نے مین ڈاکیومینٹری کے بعد معروف فٹبالر رونالڈو پر ڈاکیٹومینٹری بھی دکھائی ۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے انسانی حقوق کی اہمیت بیان کرتے ہوئے پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد پرتگالی کی طرف سے سب سے پہلے آزاد ریاست تسلیم کرنے کے کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ اپنے طلبہ کو دوسروں زبانوں اور ثقافت سے آگاہ کرنے کیلئے مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔اس موقع پر امان اللہ ملک ، افتخار فیروز ودیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں پرتگالی زبان انگریزی ترجمہ کے ساتھ بنی ڈاکیومینٹری بھی دکھائی گئی جسے طلبہ نے خوب سراہااورمستقبل میں نئے نظریات کے ساتھ انسانی حقوق پر کام کرنے کیلئے مہم چلائیں گے ۔کئی پرتگالی افراد نے اپنے ماضی کے تجربات شیئر کئے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4