مہنگائی غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین لے گی،عبدالغفار روپڑی

مہنگائی غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین لے گی،عبدالغفار روپڑی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے باعث مہنگائی میں اضافہ غریب عوام کے منہ سے دو وقت کی روٹی چھین لے گا۔ حکومت کی غیر سنجیدگی اور عدم دلچسپی کے باعث ملکی معیشت تباہ ہو چکی۔ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے غریب عوام فاقوں پر مجبور ہو چکے۔ ’’بیان خان‘‘ عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز جامعہ دارلقدس چوک دالگراں لاہو رمیں ضلعی جماعت کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی مہنگائی میں مزید اضافہ کرے گی۔

ملک میں جاری سیاسی انتشار اور حکمرانوں کی کمزور پالیسیوں کے باعث معیشت غیر مستحکم ہو چکی اور معیشت کی ترقی کی ر فتار مزید سست روی کا شکار ہو گی۔ ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو سہارا دیے اور وطن عزیز کو مزید مشکلات سے بچانے کی غرض سے روپے کی گرتی ہوئی قدر کو روکنے کیلئے فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے۔ اگر حکومت نے اسی طرح عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا تو صنعتی ترقی کا عمل متاثر اور پیداواری سرگرمیوں کی لاگت میں مزید اضافہ ہو گا اور بے روزگاری کے مسائل مزید پیچیدہ ہوں گے۔ دریں اثنا انہوں نے جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور کے ناظم دفتر مولانا شہادت طور جو گذشتہ روز انتقال کر گئے تھے کے انتقال پر افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔ مولانا شہادت طور کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے فیصل آباد میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر مرحوم کیلئے بلندی درجات اور مغفرت کی دعا بھی کی گئی۔