ڈالر کی اڑان نے حکومتی نااہلی کا پردہ چاک کر دیا،عزیز الرحمن چن

ڈالر کی اڑان نے حکومتی نااہلی کا پردہ چاک کر دیا،عزیز الرحمن چن

لاہور(نمائندہ خصوصی ) پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ ڈالر کی اُڑان نے حکومتی نااہلی کا پردہ چاک کر دیا ہے بائیس کروڑ لوگوں کے ملک پاکستان میں نہ کہیں حکومت نظر آ رہی ہے اور نہ ہی وزیر خزانہ کا وجود پایا جا رہا ہے ملک کو بے رحم موجوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے کیونکہ حکومت کو معیشت کی سدھ بدھ ہے نہ کاروبار کے سمجھ بوجھ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے عوام کا اعتماد اُٹھ چکا ہے اگر جمہوری تسلسل کی فکر نہ ہوتی تو پیپلز پارٹی بھرپور تحریک چلا کر نااہل حکمرانوں کو چلتا کرتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملک و قوم کا مزید وقت ضائع کرنے کی بجائے عملی اقدامات کریں اگر خود کو کاروبارِ مملکت چلانے میں دشواری ہے تو ادھر اُدھر سے مشاورت کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خود کو سنبھالنے سے قاصر ہے ملک کو چلانا تو بہت دور کی بات ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1