مصبیح سعید پنجاب روئنگ ایسوسی ایشن کے صدر،فواد رسول جنرل سیکرٹری منتخب

مصبیح سعید پنجاب روئنگ ایسوسی ایشن کے صدر،فواد رسول جنرل سیکرٹری منتخب

  

لاہور(سٹی رپورٹر)پنجاب روئنگ ایسوسی ایشن کے 6 سال بعد ہونے والے انتخابات میں مصبیح سعید صدر ، چوہدری فواد رسول بھلر سیکرٹری جنرل اور سید امجد آصف اگلے چار سال کے لئے فنانس سیکرٹری منتخب ہو گئے ،نو منتخب صدر مصبیح سعید اور سیکرٹری جنرل چوہدری فواد رسول بھلر نے ایگزیکٹو کمیٹی کو یقین دلایا ہے کہ وہ متحد ہو کر پنجاب بھر میں اس کھیل کے فروغ کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور حکومتی سطح پر بھی کشتی رانی کی مکمل سرپرستی کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن میں پنجاب روئنگ ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں اگلے 4 سال کے لئے انتخابات ہوئے۔اس موقع پر پاکستان روئنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے زوہیب ضیا ہاشمی بطور ابزرور شریک ہوئے۔اجلاس میں مصبیح سعید صدر ،رائے عمران علی،خرم شہزاد پاشا ،انصر محمود ،شیخ خرم اور سمیر سعید نائب صدور،چوہدری فواد رسول بھلر سیکرٹری جنرل،سید امجد آصف فنانس سیکرٹری،نعمان سرفراز، منظور حسین،قسمت خان ،اتصاف علی اور زارا افسر ایسوسی ایٹ سیکرٹری منتخب ہوئے۔نو منتخب صدر مصبیح سعید اور سیکرٹری جنرل چوہدری فواد رسول بھلر نے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کشتی رانی کے کھیل میں بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے جبکہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی طلبا و طالبات اس کھیل میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں ،گو کہ کشتی رانی ایک مہنگا کھیل ہے لیکن ملک میں یہ کھیل اب تیزی کے ساتھ ترقی بھی کر رہا ہے اور کھلاڑی انفرادی طور پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں ،اس کھیل کی سپورٹس بورڈ سرپرستی کرے تو یقیناًہمارے کھلاڑی اولمپک ، اسلامک انڈور گیمز، ایشین روئنگ چیمپئن سمیت دیگر میگا ایونٹ میں عالمی سطح پر مزید میڈلز حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ماہر کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود ہے ،تاہم جدید کشتیوں اور تربیتی مشینری کی کمی بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کے زیادہ میڈلز جیتنے کی راہ میں حائل اہم رکاوٹیں ہیں،جب تک ہم اپنے کھلاڑیوں کو معاشی فکروں سے آزاد نہیں کریں گے اس وقت تک ہم ان سے دنیا فتح کرنے کی امیدیں بھی نہیں لگاسکتے ۔

روئنگ

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -