سوئس ایس ایم ایز کا پاکستان میں سرمایہ کاری قکرنے میں اظہار دلچسپی

سوئس ایس ایم ایز کا پاکستان میں سرمایہ کاری قکرنے میں اظہار دلچسپی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی) سوئٹرز لینڈ کی چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں پاکستانی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے میں بے انتہا دلچسپی رکھتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں سوئٹرز لینڈ کے نائب سفیر برنارڈ فرجر نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے دفتر کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سوئٹرز لینڈ گلوبل انٹرپرائز کے جنوبی ایشیا کے سینئر کنسلٹنٹ بیٹ اینیشن بھی ان کے ساتھ تھے ۔ بیٹ اینیشن کے دورہ کا مقصد پاکستان میں اپنی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینا تھا۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سوئس وفد کا استقبال کیا اور انہیں پنجاب میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے کی جانے والی کوششوں سے روشناس کروایا۔ جہانزیب برانہ نے وفد کو بتایا کہ پنجاب میں حکومت سرمایہ کاری و تجارت میں اضافے کے ذریعے عوام کا معیار زندگی بلند کرنا چاہتی ہے اور اس حوالے سے خصوصی پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے سوئس وفد کو صوبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور سرمایہ کاروں کو مہیا کی جانیوالی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے ون سٹاپ شاپ ہے جہاں سرمایہ کاری کے حوالے سے ان کی تمام مشکلات کا ازالہ کرنا ہمارا اولین فریضہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں زراعت، خوراک، فارما، ٹیکسٹائل، سیاحت، ریٹیل، ای کامرس ، لاجسٹکس اور کنسٹرکشن کے شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ سوئس وفد نے بتایا کہ ان کے دورے کا مقصد پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے موجود مواقع کا جائزہ لینا ہے۔ ان کی سب سے زیادہ دلچسپی فوڈ پراسیسنگ کے شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں ہے اور اس حوالے سے اگلے سال ایک خصوصی تجارتی وفد سوئٹرز لینڈ سے پاکستان کا دورہ کرے گا ۔
انہوں نے پاکستان میں نئی حکومت کی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے ۔

برنارڈ فرجر نے کہا کہ سوئٹرز لینڈ پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے والے پہلے پانچ ملکوں میں شامل ہے جبکہ بہت سی سوئس کمپنیاں پاکستان کے مختلف سیکٹروں میں عملی طور پرکام کر رہی ہیں، انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے حکومتی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان کا معاشی ماحول چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کیلئے آئیڈیل ہے اور اسی مثبت پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت سی سوئس کمپنیاں پاکستانی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے میں خاطرخواہ دلچسپی رکھتی ہیں۔

مزید :

کامرس -