بجلی چوروں پر ’’مہربانیاں ‘‘ ایس ڈی او سب کینٹ ڈویژن معطل ،10کو شوکاز نوٹس دینے کا حکم

بجلی چوروں پر ’’مہربانیاں ‘‘ ایس ڈی او سب کینٹ ڈویژن معطل ،10کو شوکاز نوٹس ...

ملتان (سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کرنے میں ناکامی اور مقدمات کا اندراج نہ کروانے پر ایس ڈی او میپکو کینٹ سب ڈویژن کو معطل جبکہ ملتان شہر کے10ایس (بقیہ نمبر51صفحہ12پر )

ڈی اوز کو شوکاز نوٹسز جاری کرنیکا حکم دیاہے ۔ نواں شہر ، انڈسٹریل اسٹیٹ ،ممتازآباد، غلہ منڈی، قصبہ مڑل، پاک گیٹ، گلگشت، شمس آباد، منظور آباد اور گلبرگ سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز کو شوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان کے تمام ایس ڈی اوز تکنیکی طریقوں سے بجلی چوری کروانے والے سہولت کاروں کے گینگ پکڑیں۔ ریمورٹ کنٹرول ، لوپ اور چپ لگانے والے افراد کے بارے میں معلومات بجلی چور صارفین سے حاصل کی جائیں اور میٹروں میں خرابیاں پیداکرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں ۔ بجلی چوروں کے خلاف ٹاسک فورسزکے ہمراہ کاروائی کریں اور ان کے خلاف مقدمات کا اندراج یقینی بنایاجائے ۔ جرمانے عائد کرکے فوری طورپر بجلی منقطع کی جائے اور جرمانے کی مکمل ادائیگی تک بجلی بحال نہ کی جائے ۔ وہ میپکو ہیڈکوارٹر میں ملتان سرکل کے افسران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چیکنگ ٹیمیں فیلڈ میں نکلنے سے قبل اپنی حفاظت یقینی بنائیں اور پولیس کے ہمراہ بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کے خلاف ایکشن لیں ۔ کسی بھی بجلی چور سے رعایت نہ برتی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نومبر 2018 ؁ء تک ناقص کارکردگی کے حامل ایس ڈی اوز کے خلاف محکمانہ کاروائی کا آغازکیاجارہاہے ۔ ایس ڈی اوز خودفیلڈ میں نکلیں اور ٹاسک فورسز کے چیکنگ کریں ۔ اس موقع پر چیف انجینئر کسٹمرسروسز خواجہ غلام یاسین، ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل انفارمیشن سسٹم میاں ندیم احمد، ایڈیشنل چیف انجینئر میپکو ملتان سرکل محمد عمر لودھی، ڈپٹی کمرشل منیجرزاسدحماد، فرخ مشتاق، ارشادسیال ، ڈپٹی ڈائریکٹرٹیکنیکل ملتان سرکل ملک مشتاق اٹھنگل، ملتان سرکل کے تمام ایگزیکٹو انجینئرز، ریونیوآفیسرز اور ایس ڈی اوز بھی موجود تھے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر