پنجاب پولٹری یونٹس منصوبہ 25لاکھ مرغیاں تقسیم کرنیکی تیاریاں

پنجاب پولٹری یونٹس منصوبہ 25لاکھ مرغیاں تقسیم کرنیکی تیاریاں

ملتان( سپیشل رپورٹر)صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ تمام منصوبوں کو کارآمد بنا کر غربت کے (بقیہ نمبر20صفحہ12پر )

خاتمے کے ساتھ ساتھ دیہی خواتین کی معاشی حالت بہتر بنائی جائے گی۔یہ بات انھوں نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں منعقد ہ ایک اعلیٰ سطحی محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس اجلاس میں سیکرٹری لائیو سٹاک احسن وحید ، وائس چانسلریونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا سمیت محکمہ لائیو سٹاک کے اعلیٰ عہدیداران اور ویٹرنری یونیورسٹی کے سینئیر پروفیسرز نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر لائیو سٹاک کو مختلف ترقیاتی منصوبہ جات پر تفصیلی بریفنگز دی گئیں۔ڈائریکٹر پولٹری ریسرچ انسٹیٹوٹ راولپنڈی ڈاکٹر عبدالرحمٰن نے عوام کو پولٹری یونٹس کی سستے داموں فراہمی کے منصوبہ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبہ کے تحت 25لاکھ مرغیاں مرد وخواتین کو فراہم کی جائیں گی۔اس منصوبہ کا مقصد دیہی مرغبانی کی ترویج اور فروغ کے ذریعہ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی معاشی حالت سدھارنا ہے۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ حکومت عوام کی صحت اور معیشت کی بہتری کے لیے کام کرتی رہے گی نیز محکمہ لائیو سٹاک کو اپنی کارکردگی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر پروڈکشن ڈاکٹر نعیم کنور نے کئے فربہ کرنے کے منصوبہ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس تین سالہ دورانیہ کے منصوبہ میں 7لاکھ کئے فربہ کئے جائیں گے۔اس منصوبہ کا مقصد لائیو سٹاک فارمرز کو فعال اور متحرک کر کے حیوانی لحمیات کی کمی پہ قابو پانے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کوبہتر بنانا ہے۔اس موقع پر وزیرلائیو سٹاک نے کہا کہ حکومت بیف انڈسٹری کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے ہدایات جاری کی کہ تمام جاری منصوبہ جات کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔وزیر لائیو سٹاک نے اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام مفید اور کارآمد منصوبہ جات کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر