شہداء پولیس کے بچوں میں سکالر شپ تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب

شہداء پولیس کے بچوں میں سکالر شپ تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب

مردان ( بیورورپورٹ )ضلعی پولیس سربراہ سجاد خان کے زیر صدارت ڈی پی او آفس میں شہدائے پولیس کے بچوں میں سالانہ تعلیمی سکالر شپ تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں شہدائے پولیس ضلع مردان کے ورثاء اور بچوں سمیت پولیس افسران نے بھی شرکت کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ نے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا کی جانب سے شہدائے پولیس کے لواحقین کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کاؤشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس میں آئی جی سے لیکر جوانوں تک ہر ایک نے وطن عزیز کی بقاء و سلامتی اور پائیدار امن و امان کے قیام کیلئے اپنے قیمتی جانوں کے نظرانے پیش کیے جنہیں کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔آج وطن عزیز اور صوبے میں امن و امان کا قیام ان کی لازوال قربانیوں کی مرہون منت ہے۔شہدائے پولیس کے لواحقین کیلئے تمام تر دستیاب وسائل، مدد و معاونت اور سہولیات بہم پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرینگے،انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے پولیس ضلع مردان کے بچوں کیلئے ضلع بھر کے معیاری اور بہترین درسگاہوں میں تعلیمی سکالر شپ کے ساتھ ساتھ ان کے مفت علاج و معالجے کیلئے پولیس لائن میں فری میڈیکل کیمپ کا اجراء بھی کر دیا گیا ہے ہم امید رکھتے ہیں کہ شہداء کے بچے اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم اور والدین کا نام روشن کرینگے۔تقریب کے آخر میں ضلعی پولیس سربراہ نے شہداء کے بچوں میں تعلیمی سکالر شپ کے رقوم تقسیم کئے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر