سوئس حکومت نے بینک اکاؤنٹس معاہدہ کی توثیق کر دی : شہزاد اکبر

سوئس حکومت نے بینک اکاؤنٹس معاہدہ کی توثیق کر دی : شہزاد اکبر

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے بتایا ہے سوئٹزرلینڈ نے پاکستان کیساتھ معا ہد ے کی توثیق کردی جس سے تمام سوئس بینکوں کی تفصیلات مل سکیں گی۔گزشتہ روزاسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا مزیدکہنا دو طرفہ معاہدے کے تحت اہم معلومات 4 سے 6 ہفتوں میں مل جائیں گی، 5،6 سال اس معاہدے پر دستخط نہ کرکے ضائع کیے گئے۔شہزاد اکبر کا کہناتھا معاہدے کے تحت پرانی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، جرمن اتھارٹی سے بھی معلومات کے حصول کیلئے رابطہ کر لیاہے جبکہ برٹش ورجن آئی لینڈ کیساتھ بھی معاہدے پر دستخط کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، کابینہ کے آئندہ اجلاس میں معاہدہ کرنیکی منظوری لی جا ئے گی ۔شہزاد اکبر نے کہا زرداری صاحب کے پرانے سوئس کیس میں سابق اٹارنی جنرل کے خط پر بند ہو گیا،سوئٹزلینڈ کیساتھ معاہدے میں تاخیر پر نیب تحقیقات کر رہا ہے،تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا کون ملوث تھا،تاخیر میں ملوث افراد کو سزا ملنا چاہیے۔ خواجہ آصف کیخلا ف تحقیقات نیب کر رہا ہے۔ نواز شریف کیخلاف اختیارات کے غلط استعمال کا نیا کیس نیب کو بھجوادیا، ان کی اہلیہ کے نام لندن میں فلیٹ ظا ہرنہیں تھا، اس پر بھی نیب نواز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنا رہا ہے اور اس حوالے سے تمام شواہد نیب کو بھجوادیے ہیں ۔ و زیراعظم کے معاون خصوصی نے وزیر خزانہ کے استعفے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ان پر وزیراعظم کا اعتماد ہے جبکہ کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے وزیراعظم تمام وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے۔اس موقع پر وزیراعظم کے ترجمان افتخار درانی نے کہا غربت کے خاتمے کیلئے قائم تمام اداروں کو یکجا کرنے کیلئے ایک کوآرڈی نیشن بورڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا سربراہ ڈاکٹر اشفاق حسن کو مقرر کیا جائے گا،یہ ادارہ وفاق اور صوبوں کیساتھ مل کر تجاویز مرتب کرے گا، اس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ مڈٹرم انتخابات پر وزیر اعظم کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر استعمال کیا گیا۔

شہزاد اکبر

مزید :

صفحہ اول -