وزیر اعظم کی جنرل باوجوہ ، چیف جسٹس ، زلمے خلیل زاد اور جاپان کے مشیر سے م؛قاتیں

وزیر اعظم کی جنرل باوجوہ ، چیف جسٹس ، زلمے خلیل زاد اور جاپان کے مشیر سے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، خطے کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔بعدازاں سپریم کورٹ میں منعقدہ بڑھتی آبادی سے متعلق سمپوزیم میں شرکت سے قبل وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، وزیراعظم سمپوزیم میں شرکت کیلئے مقررہ وقت سے تقریبا 40منٹ پہلے پہنچے اور چیف جسٹس پاکستا ن کے چیمبر گئے جہاں وزیراعظم عمران خان اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے درمیان تقریبا آدھے گھنٹے تک ملاقات جاری رہی اوپھربعدازاں دونوں شخصیات تقریب میں شرکت کیلئے ایک ساتھ ہال میں پہنچیں۔قبل ازیں افغانستان میں امن عمل کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زادسے ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سیاسی طریقے سے افغانستان میں پائیدار امن اور مفاہمت پر یقین رکھتا ہے۔، وزیراعظم عمران خان نے امریکی نمائندہ کو خطے میں امن کیلئے اپنی ذاتی عزم کے بارے میں آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران عمران خان نے اسلام آباد اور کابل کے مابین سرمایہ کاری، تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں ترقی کیلئے دوطرفہ اقتصادی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق زلمے خلیل زاد نے عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ امریکی قیادت، افغانستان میں سیاسی مذاکرات کے ذریعے امن کے قیام کا مشترکہ مقصد حاصل کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔عمران خان نے امریکی صدر کے مراسلے پر تشکر کا اظہار کیا جس میں افغانستان کے اندر 17 برس سے جاری جنگ کے خاتمے کا ذکر کیا گیا اور واشنگٹن نے ’مشترکہ مفاد پر اسلام آباد کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی‘۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے جا پا ن کے مشیر قو می سلا متی نے بھی ملاقات کی۔وزیراعظم نے پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں زبردست معاشی صلاحتیں ، نوجوان آبادی،معدنی ذخائر موجود ہیں جبکہ ایشیاء میں جاپان کے کاروبار کے حوالے سے ایک سروے میں پاکستان کو پرکشش منافع کی حامل مارکیٹ قرار دیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعمیروترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے رابطہ سازی بہترین ہے۔ جاپان کے قومی سلامتی کے مشیر نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہشات کا اظہار کیا۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں بل گیٹس نے سماجی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ۔وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان آدھ گھنٹہ گفتگو جاری رہی، بل گیٹس نے انسداد پولیو کے اقدامات پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیاجبکہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کو تقویت دینے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے سماجی شعبوں میں تعاون پر بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

صفحہ اول -