عثمان ڈار سے خواجہ آسف کی غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق ثبوت طلب

عثمان ڈار سے خواجہ آسف کی غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق ثبوت طلب

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نیب نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے خواجہ آصف کی غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق ثبوت مانگ لیے ،جس پر معاون خصوصی عثمان ڈار نے نیب حکام کے سامنے پیش ہوکر کرپشن، منی لانڈرنگ اور فارن فنڈنگ کے ثبوت دینے کا فیصلہ کر لیا ، عثمان ڈار نے خواجہ آصف کیخلاف تحقیقات کیلئے نیب سے رجوع کیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطا بق وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہہ رکھا ہے خواجہ آصف نے بطور وزیر قومی خزانے کو بے پناہ نقصان پہنچایا، اقامہ کی آڑ میں منی لانڈرنگ اور کرپشن کے ریکارڈ توڑے، وفاقی وزیر ہوتے ہوئے غیر ملکی کمپنیوں میں ملازمت کی۔عثمان ڈار نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا وزیر خارجہ خواجہ آصف کی کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثوں کے ثبوت موجود ہیں، نیب کو یہ اقدام بہت پہلے کرلینا چاہئے تھا، چیئرمین نیب مجھے بلائیں گے تو ثبوت پیش کروں گا۔25جولائی کو ہونیوا لے عام انتخابات میں این اے 73 سے ن لیگ کے خواجہ آصف 116975 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار دوسرے نمبر پر تھے، جس کے بعد تحریک انصاف کے امیدوارعثمان ڈار نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی ، تاہم ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف اپنی جیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے تھے۔بعد ازاں 22 ستمبر کو این اے 73 سیالکوٹ سے تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار نے الیکشن ٹربیونل میں مسلم لیگ نون کے خواجہ محمد آصف کی کامیابی چیلنج کی تھی اور کہا تھا خواجہ آصف نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے۔

عثمان ڈار

مزید :

صفحہ اول -