لائیز ایریا ری ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کی گورننگ باڈی کا اجلاس طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے بدھ کے روز لائیز ایریا ری ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر مبین صدیقی سے پروجیکٹ کے حوالے سے بریفینگ لی۔ اس موقع پر پبلک نمائندہ برائے سندھ حکو مت ذوالفقار قائمخانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالطیف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر کو لائیز ایریا پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی اور انہیں بتایا کہ اس منصوبے کے حوالے سے گذشتی کئی برس سے خاطر خواہ اقدامات نہ ہونے کے باعث یہاں متعدد مسائل ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پروجیکٹ کی گورننگ باڈی کی تشکیل کے بعد اب اس کا اجلاس منعقد ہونا ہے اور اس میں کئی فیصلوں کے بعد اس منصوبے کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ لائیز ایریا ری ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کی گورننگ باڈی کا اجلاس آئندہ چند روز میں طلب کیا جائے گا اور اس میں ان تمام مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ اس منصوبے کے حوالے سے حتمی منظوری بھی دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس منصوبے کو کئی برس سے نظرانداز ہونے کے باعث یہاں بیشتر مسائل ہیں بالخصوص صدر کے پارکنگ پلازہ، شہاب الدین مارکیٹ سمیت کئی اور منصوبوں کے حوالے سے بھی گورننگ باڈی کے اجلاس سے منظوری لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو ان کا جائز تمام حقوق مل سکیں اور جن جن کو اس منصوبے کے تحت زمین فراہم کی گئی ہے وہاں وہ اپنے گھروں کی آزادانہ تعمیر کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے پی ڈی کو ہدایات دی کہ اس پورے منصوبے میں جہاں جہاں تجاوزات اور قبضہ ہے ان کو فوری طور پر خالی کرایا جائے اور پارکنگ پلازہ اور شہاب مارکیٹ کے حوالے سے مکمل رپورٹ مرتب کرنے انہیں 3 روز میں بھیج دیں تاکہ آئندہ ہونے والی گورننگ باڈی کے اجلاس میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔ اس موقع پر ذوالفقار قائمخانی نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیع عوام کو سستی اورآسان گھروں کی فراہمی ہے اور اس سلسلے میں لائیز ایریا ری ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے باقی مانندہ پلاٹس اور یہاں پر فلیٹوں کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنا کر اس خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔
Back to Conversion Tool