وزیر اعلیٰ محمود خان کا زیر تعمیر بی آر ٹی کا اچانک معائنہ

وزیر اعلیٰ محمود خان کا زیر تعمیر بی آر ٹی کا اچانک معائنہ

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے زیر تعمیر بس رپیڈ ٹرانزٹ پشاور کا اچانک دورہ کیا، صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر، آئی جی پی صلاح الدین محسود، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار ، سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے،وزیر اعلیٰ نے بی آر ٹی کی مقررہ وقت پر تکمیل میں تاخیر کا باعث بننے والی رکاوٹیں فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ منصوبے پر تیز تر کام دیکھنا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں جلد اجلاس بھی بلا رہے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ اگر منصوبہ بروقت مکمل نہ ہوا تو حکومت سخت ایکشن لے گی، غفلت کے مرتکب سرکاری اہلکاروں کو نکال باہر کیا جائے گا ، کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے گا، کوئی بھی کسی قسم کی خوش فہمی میں نہ رہے ،جب حکومت ایکشن لے گی تو اسکی زد میں آنے والا کوئی بھی ہو بچ نہیں پائے گا،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ آئندہ روز منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کریں گے،پورے منصوبے کی نگرانی وہ خود کریں گے جو بھی غفلت یا کوتاہی کا مرتکب ہو گا اسے مثالی سزا دی جائے گی، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر فردوس، ہشت نگری اور گل بہار میں مختلف تعمیراتی سرگرمیوں اور پیش رفت کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود لوگوں کی شکایات بھی سنیں، محمود خان نے متعلقہ حکام کو لوگوں کی شکایات دور کرنے کی ہدایت کی،انہوں نے منصوبے سے متاثرہ عوام کی بحالی کیلئے بھی اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔

مزید : کراچی صفحہ اول