معذور افراد ہماری خصوصی توجہ، دلچسپی اور مدد کے مستحق ہیں ، شہرام خان ترکئی

معذور افراد ہماری خصوصی توجہ، دلچسپی اور مدد کے مستحق ہیں ، شہرام خان ترکئی

  

پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیربلدیات ، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ معذور افراد ہماری خصوصی توجہ ، دلچسپی اور مدد کے مستحق ہیں جبکہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت معذور افراد کے لئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یوم معذوراں کے موقع پر اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایم پی اے رابعہ بصری، ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر جنت گل، کمشنر رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن عظمت حنیف اورکزئی، ڈائریکٹر جنرل ویلفیئر قسمت خان ، اساتذہ اور خصوصی بچے شریک تھے ادارے کے سماعت ، بینائی اور جسمانی طورپر معذور طلبہ نے تقریب کے آغاز پر حمد، نعت اور ٹیبلو پیش کئے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارے کے اساتذہ اور دیگر عملہ عظیم کام سرانجام دے رہا ہے جبکہ ادارے کے افسران بھی لائق تحسین ہیں جو ان معذور بچوں کو لکھنا پڑھنا اور خود کو سنبھالنا سکھا رہے ہیں تاکہ وہ بھی آگے جاکر دیگر لوگوں کی طرح معاشرے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرسکیں۔ شہرام خان ترکئی نے سرکاری اداروں میں معذور افراد کا کوٹہ 2 فیصد سے بڑھا کر 4 فیصد کرنے کو صوبائی حکومت کا عمدہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کا شروع دن سے وژن ہے کہ غریب عوام پر سرمایہ کاری کی جائے، انہیں گھر فراہم کئے جائیں اور انہیں مالی لحاظ سے خود مختار بنایا جائے جبکہ اسی طرح معذور افراد کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ مل کر معذور افراد کو اس معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانے کا عزم رکھتی ہے۔ شہرام خان ترکئی نے کہاکہ خصوصی افراد غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور مناسب توجہ اور سہولیات فراہم کرکے ان کی انہی صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری کے لئے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس جس میں سماعت، بینائی ، جسمانی اور ذہنی طورپر معذور طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاتا ہے میں پانی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کا اعلان کیا جبکہ دیگر مسائل کے بھی جلدحل کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر بلدیات نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے خصوصی بچوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -