وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا
وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت آج ہوگا۔ وفاقی کابینہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا۔ جس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔اجلاس میں کابینہ اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی جبکہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے اور اصلاحات کا پیکج بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ اجلاس میں ٹیکسٹائل سیکٹرز میں شامل پانچ صنعتوں کو زیرو ریٹ پر گیس اور آر ایل این جی کی فراہمی پر بھی غور کیا جائے گا۔

کابینہ اجلاس میں قانون سازی سے متعلق امور نمٹانے کے لیے کمیٹی کی توثیق کی جائے گی جبکہ اقتصادی امور اور فیڈرل لینڈ کمیشن کے امور متعلقہ وزارتوں کو واپس کرنے کی بھی سمری ایجنڈے کا حصہ ہے۔ نجی فضائی کمپنی کے لائسنس میں توسیع کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

کرپشن کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کی منظوری دی جائےگی جبکہ مختلف اداروں میں سرکاری افسران کی تعیناتی، ڈیپوٹیشن کی مدت میں توسیع اور بعض ممالک کے ساتھ تعاون کے ایم او یوز کی بھی منظوری دی جائے گی۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل نو بھی ایجنڈے کا حصہ ہو گی اور چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی کی تعیناتی بھی ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ کابینہ کی دستاویزات کو خفیہ رکھنے سے متعلق سمری پر بھی غور کیا جائے گا۔اجلاس میں بعض ممنوعہ گاڑیوں اور ان کے پرزوں کی کراچی سے کابل بھجوانے کی بھی منظوری دیے جانے کا امکان ہے جبکہ پاکستان اور کینیڈا کی انسداد منشیات فورس کے درمیان معاہدے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -اسلام آباد -