ایمرجنگ ایشیاءکپ میں پاکستان اور ہانگ کانگ کے میچ کا فیصلہ ہو گیا

ایمرجنگ ایشیاءکپ میں پاکستان اور ہانگ کانگ کے میچ کا فیصلہ ہو گیا
ایمرجنگ ایشیاءکپ میں پاکستان اور ہانگ کانگ کے میچ کا فیصلہ ہو گیا

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایمرجنگ ایشیاءکپ 2018 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 225 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔

نیشنل کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں اوپنرز کی سنچریوں کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 366 رنز بنائے۔ پاکستانی اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور علی عمران نے پہلی وکٹ پر 219 رنز کی شراکت قائم کی۔صاحبزادہ فرحان 130، علی عمران 107، خوشدل شاہ 83 اور کپتان محمد رضوان نے 33 رنز بنائے جبکہ حسین طلعت 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے اعزاز خان سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ احسان نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 34 اوورز میں 141 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، گرین شرٹس کی جانب سے محمد الیاس نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں اور خوشدل شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حسین طلعت اور محمد اصغر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ کا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان ڈی ایچ اے گراؤنڈ میں کھیلا گی جس میں یو اے ای کی پوری ٹیم 49.4 اوور میں 267 رنز بنا سکی جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 36.5 اوور میں 170 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

واضح رہے کہ ایمرجنگ ایشیاءکپ کی میزبانی مشترکہ طور پر پاکستان اور سری لنکا کر رہے ہیں، ایونٹ میں 8 ٹیمیں شامل ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ 'اے' میں شامل بھارت، سری لنکا، اومان اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں اور ان ٹیموں کے تمام میچز سری لنکا میں ہوں گے جب کہ گروپ 'بی' میں پاکستان، بنگلادیش، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ بی کے تمام 6 میچز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم اور ڈی ساؤتھ اینڈ گراؤنڈ ڈی ایچ اے میں کھیلے جائیں گے۔

مزید : کھیل