’پریانکا چوپڑا نے امریکی اداکار کو پھنسا لیا ہے‘ اداکارہ کی شادی پر امریکی جریدے کے تجزیے نے ہنگامہ برپاکردیا

’پریانکا چوپڑا نے امریکی اداکار کو پھنسا لیا ہے‘ اداکارہ کی شادی پر امریکی ...
’پریانکا چوپڑا نے امریکی اداکار کو پھنسا لیا ہے‘ اداکارہ کی شادی پر امریکی جریدے کے تجزیے نے ہنگامہ برپاکردیا

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا امریکی گلوکار و اداکار نک جونس کے ساتھ شادی کے بعد ان دنوں زندگی کی نئی شروعات سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔ ایسے میں ایک امریکی جریدے نے ان کے متعلق ایک آرٹیکل میں ایسی باتیں شائع کر دیں کہ دنیا میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ میل آن لائن کے مطابق نیویارک میگزین ’دی کٹ‘ (The Cut)پر’کیا پریانکا چوپڑا اور نک جونس واقعی ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں؟‘ کے عنوان سے شائع ہونے والے اس آرٹیکل میں 36سالہ پریانکا چوپڑا کو جدید دور کی نوسرباز قرار دیتے ہوئے مصنف نے لکھا کہ انہوں نے 26سالہ نک جونس کودھوکے سے محبت کے جال میں پھانسا ہے اور اس لیے اس سے شادی کی ہے تاکہ ہالی ووڈ میں اپنے کیریئر کو مزید ترقی دے سکیں۔مصنف نے یہ بھی لکھا کہ نک جونس نے اپنی مرضی کے خلاف پریانکا چوپڑا سے شادی کی۔ 

میگزین کی ویب سائٹ پر آرٹیکل شائع ہوتے ہی سوشل میڈیا پر طوفان آ گیا اور نک جونس کے بھائی جوئی جونس اور اس کی منگیتر صوفی ٹرنر سمیت ہزاروں لوگ میگزین پر شدید تنقید کرنے لگے۔ کڑی تنقید کے بعد پہلے میگزین نے آرٹیکل کو ایڈٹ کرکے سخت جملے حذف کرکے تحریر کو نرم کرنے کی کوشش کی اور جب تنقید شدید تر ہوتی چلی گئی تو انہوں نے آرٹیکل ہٹا کر اپنے قارئین، پریانکا اور نک سے معافی مانگ لی۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق اس آرٹیکل پر ردعمل دیتے ہوئے پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ ”میں اس پر ردعمل ہی نہیں دینا چاہتی۔ ایسی باتیں میرے نزدیک کوئی اہمیت ہی نہیں رکھتیں۔ میں اس وقت اپنی زندگی کے خوشی سے بھرپور دن گزار رہی ہوں اور اس طرح کی چیزیں مجھے اور نک کو پریشان نہیں کر سکتیں۔“

مزید : تفریح