ن لیگ کے بڑوں کی بیٹھک آج لندن میں ہوگی، آرمی ایکٹ میں ترمیم، چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر مشاورت ہوگی
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس آج (جمعہ کو) لندن میں ہوگا۔
ن لیگ کے اہم ترین اجلاس میں شرکت کیلئے خواجہ آصف، پرویز رشید، مریم اورنگزیب، رانا تنویر، امیر مقام اور ملک محمد احمد خان سمیت دیگر لندن پہنچ گئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال دوپہر کو برطانیہ کیلئے روانہ ہوں گے جبکہ اسحاق ڈار، محسن لطیف اورعابد شیر علی پہلے سے ہی لندن میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگی وفد لندن میں نواز شریف اور شہباز شریف سے آرمی ایکٹ کے حوالے سے قانون سازی کے بارے میں ہدایات لے گا۔ ن لیگ کے بڑوں کی بیٹھک میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ممبرز کی تعیناتی کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
ن لیگ کا اعلیٰ سطح کا وفد پیر کو پاکستان واپس آئے گا اور پارٹی کی دیگر قیادت کو اعتماد میں لے گا، لندن سے واپس آنے والے لیگی رہنما منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔