ماضی کے حکمران ملک کو اکتیس ہزار ارب روپے کا مقروض کرکے لاکھوں نوجوانوں کو بیروزگاری کی دلدل میں دھکیل گئے:زرتاج گل
ملتان(آئی این پی)وزیرمملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نےکہاہےکہ ما ضی کےحکمران ملک کواکتیس ہزارارب روپےکامقروض چھوڑکرگئے،دکھاوے کی ترقی اور اپنے سیاسی اور مالی مفادات کی خاطر سڑکیں اور پلوں پر سارا سرمایہ جھونک کر سابق حکمرانوں نے ملک کے لاکھوں نوجوانوں کو بیروزگاری کی دلدل میں دھکیلا،عمران خان اِسی ملک کے نوجوانوں کو ساتھ کر ملکی خودمختاری کا عزم لیکر آگے بڑھ رہے ہیں،وزیراعظم کا "کامیاب جوان" پروگرام پاکستان میں انقلاب کا پیش خیمہ ہوگا۔
ملتان وومن یونیورسٹی میں وزیراعظم کے’کامیاب جوان‘ پروگرام کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا % 64حصہ تیس سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، یہی نوجوان ہماری اصل طاقت اور قیمتی سرمایہ ہیں،وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ویژن انہی نوجوانوں کو اُنکے پاؤں پر کھڑا کر کے ملک میں انقلاب لانا ہے،2018 کے انتخابات میں بھی نوجوانوں نے ہی گھروں سے باہر نکل کر سیاسی جمود کو توڑا اور عمران خان کی تین دہائیوں کی سیاسی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ زرتاج گل نے کہا کہ نوجوان اور خواتین ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں،دنیا میں سب سے زیادہ ذہین پاکستانی نوجوان ہیں،وزیر اعظم عمران خان نے سو ارب روپے کے کامیاب جوان‘ پروگرام سے اِسی طبقے کو اُس کے پاؤں پر کھڑا کرنیکا عزم کیا ہے،اِس پروگرام کے تحت جہاں نوجوانوں کو 6% کے کم مارک اپ پر قرضہ دستیاب ہوگا، وہاں وہ اپنی مرضی کاہنر سیکھ یا اپنی مہارت کے موافق کاروبار شروع کرکے اپنی اور اپنے خاندان کی مالی کفالت بھی کرسکیں گے۔اِس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو انٹرن شپ اور سپانسرشپ بھی دستیاب ہونگیں۔ زرتاج گل نے کہا کہ خواتین ملکی ترقی میں آگےبڑھیں اوراِس خوف سے خود کو آزاد کرلیں کہ کوئی اپنی بدکلامی کے ذریعے اُن سے اُن کی عزت چھین لے گا کیونکہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے،ہمارے دین نے ہمیں عزت دی ہے اور یہ عزت ہم سے کوئی بھی نہیں چھین سکتا۔
زرتاج گل نے کہا کہ ماضی کے حکمران ملک کو اکتیس ہزار ارب روپے کا مقروض چھوڑ کر گئے،عمران خان اِسی ملک کے نوجوانوں کو ساتھ کر ملکی خودمختاری کا عزم لیکر آگے بڑھ رہے ہیں،یہ بھی مکافاتِ عمل ہے کہ ملک پر تین دہائیوں تک حکومت کرنیوالوں کواُن کی منی لانڈرنگ اور ملکی خزانے کی لوٹ کھسوٹ سے ناجائز اثاثے بنانے کے جرم میں ملک کی اعلیٰ ترین عدالت نے سسیلین مافیاقراردیکر انہیں تاحیات نااہل قراردیا ہے،دوسری طرف ملک کےوزیراعظم عمران خان ہیں جنہوں نے پہلے دن سے یہ عہد کیا ہے کہ میں نے پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے اور انہوں نے پاکستان اور یہاں کی عوام کو ہمیشہ اپنی ترجیح جانا ہے۔زرتاج گل نے کہا کہ عثمان ڈار ’کامیاب جوان‘ پروگرام کو بڑی محنت کے ساتھ چلا رہے ہیں،یہ پروگرام پاکستان میں انقلاب کا پیش خیمہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے جو ہم نے خاص طور پر ڈیجیٹل شمولیت کے میدان میں کیا ہے۔