ملکی وغیرملکی پراپیگنڈے کا مدلل جواب دینے کیلئے سوشل میڈیاکااستعمال کیاجائے، عمران خان کی وزارت اطلاعات کو ہدایت

ملکی وغیرملکی پراپیگنڈے کا مدلل جواب دینے کیلئے سوشل میڈیاکااستعمال ...
ملکی وغیرملکی پراپیگنڈے کا مدلل جواب دینے کیلئے سوشل میڈیاکااستعمال کیاجائے، عمران خان کی وزارت اطلاعات کو ہدایت

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارت اطلاعات و نشریات میں اصلاحات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔جس میں وزیراعظم نے کہا وزارت اطلاعات فلاح و بہبود کے منصوبوں کو موثرانداز میں اجاگر کیاجائے اور ملکی وغیرملکی پراپیگنڈے کا مدلل جواب دینے کیلئے سوشل میڈیاکاموثر استعمال کیاجائے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات میں ہونے والے اجلاس میںمعاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، شہباز گل اور دیگر شریک ہوئے۔اجلاس میں اصلاحات اورحکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں ،معاشی و اقتصادی ترقی اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ضمن میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے کردار اورمستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کی اہمیت کے پیش نظر وزارت اطلاعات کوجدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے، سوشل میڈیا کے استعمال اورمتعلقہ افسران کو اس ضمن میں صلاحیتوں کے موثر استعمال کی ضرورت پرزور دیا تاکہ ملکی اور بیرونی افق پر پروپیگنڈے کا حقائق اور دلیل پر مبنی جواب دیا جائے.

وزیراعظم نے کہا موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔وزیراعظم نے کہا وزارت اطلاعات حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، معاشی ترقی اور خارجہ امور میں پاکستان کی اقوام عالم میں ابھرتی ہوءحیثیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے موثر اقدامات لے۔

مزید : اہم خبریں /قومی