روزگار اور کاروبار میں سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری، کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنائیں گے: وزیراعظم

روزگار اور کاروبار میں سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری، کامیاب جوان ...
روزگار اور کاروبار میں سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری، کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنائیں گے: وزیراعظم

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری روزگار اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہے تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والے آگے بڑھ سکیں کیونکہ ایسے لوگ ہی ملک اور معاشرے کو اٹھاتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے، یہ تو ابھی شروعات ہے، اور منصوبے بھی آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کا کام نوکریاں پیدا کرنا اور کاروبار سے ہر قسم کی رکاوٹ ختم کرنا ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار مل سکے اور چھوٹے اور درمیانے درجے سمیت تمام کاروباری افراد کو سہولت مل سکے۔ میں جب پہلی دفعہ برطانیہ گیا تو مانچسٹر میں ٹیکسٹائل کا کاروبار یہودیوں کے ہاتھ میں تھا لیکن چند ہی سالوں میں پاکستانیوں نے اس صنعت میں اپنا نام پیدا کر لیا، اب کیا وجہ تھی کہ وہ لوگ پاکستان میں تو کاروبار نہ کر سکے مگر مانچسٹر میں کامیاب حاصل کر لی۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب معاشرے اور ناکام معاشروں میں یہی فرق ہوتا ہے، کامیاب معاشرے میں میرٹ پر کام ہوتا ہے اور لوگوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کیلئے مواقع اور سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں جس کے باعث محنت کا جذبہ رکھنے والے نوجوان اوپر آتے ہیں۔ اگر آپ صرف کھیلوں کی مثال ہی لے لیں تو ایسے ممالک زیادہ گولڈ میڈلز جیت جاتے ہیں جن کی آبادی کم ہوتی ہے جبکہ 20 سے 22 کروڑ آبادی والے ملک پیچھے رہ جاتے ہیں اور اس کی وجہ صرف اور صرف میرٹ ہے۔ نوجوانوں کو اس پروگرام سے بہت امیدیں ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے اس پروگرام کے تحت درخواستیں دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سنا ہے نوجوان کہتے ہیں کہ عمران خان کرپٹ لوگوں کیساتھ ہاتھ نہیں ملاتا، ہمیں کامیاب نوجوان پروگرام میں بھی میرٹ اور شفافیت کا خیال رکھنا ہے کیونکہ لوگوں کو ہم سے یہی امید ہے اور انہیں میرٹ کے مطابق شفاف طریقے سے سہولتیں فراہم کی جائیں گی تو وہ آگے بڑھیں گے۔

مزید : اہم خبریں /قومی