حکمران مقبوضہ کشمیر آزاد کرانے کا لائحہ عمل دیں یا عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں:سراج الحق

حکمران مقبوضہ کشمیر آزاد کرانے کا لائحہ عمل دیں یا عوامی غیض و غضب کا سامنا ...
حکمران مقبوضہ کشمیر آزاد کرانے کا لائحہ عمل دیں یا عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں:سراج الحق

  



رحیم یار خان(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے حکمرانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیر کو بھارتی قبضہ سے آزاد کرانے کے لیے لائحہ عمل دیں یا عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔

رحیم یارخان میں کشمیریکجہتی مارچ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سرا ج الحق نےکہاکہ پاکستانی کشمیری بھائیوں کی مددکےلیےہرطرح کی قربانی دینےکےلیے تیارہیں،مگرغیورعوام کی قیادت بزدل حکمرانوں کےہاتھ میں ہے،اسلام آبادایک قبرستان کامنظرپیش کررہا ہے،سیاسی جماعتیں اپنےاپنے مفادات کی جنگ تو لڑرہی ہیں لیکن کوئی بھی کشمیر پر بات کرنے کے لیے تیار نہیں،کشمیری مائیں اور بہنیں مد د کےلیےپاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں نےایک طرف مہنگائی کاعذاب مسلط کرکے عام لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہےتودوسری کشمیریوں کی مدد نہ کرکےنظریہ پاکستان سے غداری کی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نےبابری مسجد کی جگہ رام مندرتعمیر کرنے اورکشمیر کو انڈین یونین کاحصہ بنانےکاالیکشن میں وعدہ کیا تھا اور آج مودی نےدونوں وعدے پورے کردیے،مودی جس نےگجرات میں ہزاروں مسلمانوں کاقتلِ عام کروایا اورجسےیورپ اورامریکہ نےدہشت گردقراردیاآ ج وہ اُنہی ممالک کی آنکھ کا تارا ہے اور پاکستانی حکمرانوں کا مذاق اڑا رہا ہے۔

سینیٹرسراج الحق نےکہاکہ مغربی دریاؤں سےپانی بندکرکےپاکستان کوبنجربنانااورکشمیرمیں مسلمانوں کی اکثریت کواقلیت میں بدلنامودی حکومت کاایجنڈا ہےلیکن ہمارے حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے کیونکہ اِن سب کے پاس امریکہ اور یورپ کی شہریتیں ہیں،اِن کے کاروبار بھی اِنہی ممالک میں ہیں اور اِن کے بچے بھی غیرملکی ہیں،حکمران طبقہ بس اِس ملک پرمعین قریشی اور شوکت عزیز کی طرح حکومت کرنے کے لیے آتا ہےاوربعد میں غائب ہوجاتاہے لیکن ہم سب نے تو اسی ملک میں رہنا ہے،ہم مودی حکومت کو اس کے ناپاک عزائم پورے کرنے کا کبھی موقع نہیں دیں گے،بھلے پاکستانی حکمران اندر کھاتے اِن سے جو مرضی سودے بازی کرلیں،جس طرح اِس خطہ کے غیور عوام نے افغانستان میں روس اور امریکہ کو شکست دی ہےاِسی طرح کشمیر ی انڈیا کو سری نگر میں شکست فاش دیں گے۔

سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی 22دسمبر کو اسلام آباد میں آزادی کشمیر مارچ کاانعقاد کررہی ہے جس میں پورے ملک سے لوگ بڑی تعداد میں شامل ہونگے،کشمیر آزادی مار چ کا مقصد سوئے حکمرانوں کو جگانا ہے ،اِن حکمرانوں کو جو اقوام متحدہ میں کشمیر پر ایک پرجوش تقریر کرکے اِس مسئلہ کو مکمل طورپر بھول گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ وہ اسی روز کشمیر پرآئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

کشمیر مارچ سے امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب جنوبی راؤ ظفر اقبال ،صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر گوندل اور امیر جماعت اسلامی ضلع رحیم یار خان ڈاکٹر انوار الحق نے بھی خطاب کیا۔اِس موقع پر عوام کی بڑی تعدا د نے امیر جماعت اسلامی کو کشمیر مارچ میں شرکت کا یقین دلایا اور کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے اِس عزم کااعادہ کیا کہ وہ پاکستان کی شہ رگ کو بھارتی قبضہ سے نجات دلانے کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

مزید : قومی /علاقائی /پنجاب /رحیم یارخان