سعودی عرب کی سب سے بڑی کمپنی نے نیا ریکارڈ قائم کردیا
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) تاریخ میں پہلی بار سعودی حکومت نے اپنی تیل کمپنی ’آرامکو‘ کے حصص فروخت کے لیے مارکیٹ میں پیش کیے اور ان کی اتنی زیادہ قیمت لگی کہ آرامکو دنیا میں سب سے زیادہ ویلیو والی کمپنی بن گئی۔ تاہم شہزادہ محمد بن سلمان اس قیمت پر بھی مطمئن نہیں ہیں۔
میل آن لائن کے مطابق آرامکو کی ویلیو کا تخمینہ 1.3ٹریلین پاﺅنڈ لگایا گیا ہے لیکن شہزادہ محمد بن سلمان کی توقع کے برعکس یہ بہت کم ہے۔ وہ چاہتے تھے کہ کمپنی کے اثاثوں کا تخمینہ 1.5ٹریلین پاﺅنڈ یا 2ٹریلین ڈالر تک ہونا چاہیے۔
آرامکو کے 0.5فیصد حصص سعودی شہریوں کو جبکہ 1فیصد ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو فروخت کیے جائیں گے۔ اس کے حصص کی قیمت 6.48پاﺅنڈ ہے۔ اس قیمت کے تناسب سے کمپنی کے مذکورہ معمولی سے حصص 19.5ارب پاﺅنڈ میں فروخت ہوں گے۔ ویلیو کے تخمینے اور حصص کی قیمت کے حوالے سے آرامکو دنیا کی مہنگی ترین کمپنی بن گئی ہے اور اس سلسلے میں امریکہ کی مائیکروسافٹ اور ایپل جیسی کمپنیوں کو بھی بہت پیچھے چھوڑ گئی ہے۔اس سے قبل سب سے زیادہ آئی پی او کا ریکارڈ چینی کمپنی ’علی بابا‘ کے پاس تھا جو آرامکو نے توڑ ڈالا ہے۔ علی بابا نے 2014ءمیں حصص فروخت کرکے19ارب پاﺅنڈ حاصل کیے تھے۔ رواں ماہ کے وسط تک آرامکو کے 3ارب حصص سعودی سٹاک مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کر دیئے جائیں گے۔