مریم نواز خاموشی سے کہاں غائب ہیں؟

مریم نواز خاموشی سے کہاں غائب ہیں؟
مریم نواز خاموشی سے کہاں غائب ہیں؟

  



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک وقت تھا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کھل کر سیاست کر رہی تھیں اور ان کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ بھی مسلسل متحرک رہتا تھا لیکن کچھ دنوں سے وہ پراسرار طور پر خاموش ہو گئی ہیں جس سے، ایکسپریس ٹربیون کے مطابق، ن لیگ کی مقتدر حلقوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ ڈیل کی افواہوں کو ہوا مل رہی ہے۔ مریم نواز کو 8اگست کو چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتار کیا گیا اور نومبر کے پہلے ہفتے میں لاہور ہائی کورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا۔ اس کے بعد سے وہ خاموش ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی ان کی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی جا رہی۔

یہاں یہ امر دلچسپ ہے کہ مریم نواز نے یہ پہلی بار چپ نہیں سادھی۔ گزشتہ سال جب انہیں ایون فیلڈریفرنس میں سزا ہوئی، اس کے بعد بھی وہ کافی وقت تک خاموش رہیں۔ اس وقت ان کی خاموشی کی وجہ ان کی والدہ محترمہ بیگم کلثوم نواز کی موت کو قرار دیا گیاتھا۔ اب پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ”شریف فیملی کے لیے سیاسی بیانات دینا ان کے مفاد میں نہیں ہے چنانچہ وہ خاموش ہیں۔ اب مریم نواز معاملات کے سلجھ جانے تک خاموش ہی رہیں گی۔“

دوسری طرف مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ”مریم نواز اپنے والد کی بیماری کی وجہ سے شدید ذہنی پریشانی کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے فی الوقت سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جب وہ بہتر سمجھیں گی، دوبارہ سیاسی سرگرمیاں شروع کر دیں گی۔“

مزید : علاقائی /اسلام آباد