وزیر اعظم نے کس صوبے کو کرپشن سے پاک کرنے کا اعلان کردیا؟

وزیر اعظم نے کس صوبے کو کرپشن سے پاک کرنے کا اعلان کردیا؟
وزیر اعظم نے کس صوبے کو کرپشن سے پاک کرنے کا اعلان کردیا؟

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نےواضح کیا ہےکہ پیپلز پارٹی کےساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوگی،وہ سندھ کوکرپشن سے پاک کریں گے،سندھ کےعوام کی ترقی وخوشحالی حکومت کی اَولین ترجیحات میں شامل ہے،تحریک انصاف کی حکومت کا بنیادی ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ ہے،کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ، ملک بھر میں احتساب کا عمل بلا تفریق و امتیاز اور بلا تعطل جاری رہے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف سندھ کے رہنماؤں اوراتحادی جماعتوں کے ممبران نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی،اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں میں متحدہ قومی موومنٹ سے کشور زہرہ، کنور نوید جمیل، فیصل سبزواری، خواجہ اظہار الحسن، محمد حسین خان، حمیدالظفر، اور محمد راشد خلجی، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، غوث بخش مہر، ارباب غلام رحیم، مرتضی جتوئی، ایاز پلیجو، صفدر عباسی، ذوالفقار مرزا اور علی گوہر مہر شامل تھے،اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، عمر ایوب خان، علی حیدر زیدی، محمد میاں سومرو، نعیم الحق، فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ، محمد اسلم ابڑو، خرم شیر زمان، امیر بخش بھٹو، جئے پرکاش اکرانی، اشرف قریشی، علی جونیجو اور حسنین مرزا بھی شریک تھے،ملاقات میں صوبہ سندھ میں جاری فلاحی و ترقیاتی منصوبوں پرپیشرفت کےاُمورپربریفنگ دی گئی۔

اتحادیوں نےوزیراعظم عمران خان سےوزیر اعلیٰ سندھ سے متعلق شکایتوں کے انبار لگا دیے، شرکاءنے کہا کہ مراد علی شاہ ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں،اجلاس میں شرکاء نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی کہ صوبہ سندھ کو گیس کی مد میں رائلٹی رقوم کی ادائیگیوں کا استعمال ان علاقوں میں ممکن بنایا جا ئے جن کا حق ہے،اجلاس میں وفاقی وزارتوں میں سندھ سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسنز لگانے پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے وزیراعظم کو سندھ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے ضمن میں درپیش مشکلات سے بھی  آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نےوزیراعلیٰ سندھ پراِظہار برہمی کیااورکہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ کرپشن ہورہی ہے،آپ مایوس نہ ہوں،سندھ کوکرپشن سےپاک کریں گے ،  کرپشن کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ میں کرپشن کے خلاف جہاد کرنے آیا ہوں، تحریک انصاف کی حکومت کا بنیادی ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ ہے اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ اِس کی وجہ سےملک ترقی وخوشحالی سےمحروم رہا۔وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کے ساتھ کسی بھی سطح پر ڈیل کے تاثر کی نفی کردی اور کہا کہ کسی سے کوئی ڈیل ہوگی اور نہ ہی ڈھیل ملے گی۔وزیراعظم عمران خان  نے کہا کہ ملک بھر میں احتساب کا عمل بلا تفریق و امتیاز اور بلا تعطل جاری رہے گا۔

مزید : قومی