پاور ڈویژن نے بجلی کی قیمتوں میں 26 پیسے اضافے کی خبروں کی تردید کردی

پاور ڈویژن نے بجلی کی قیمتوں میں 26 پیسے اضافے کی خبروں کی تردید کردی
پاور ڈویژن نے بجلی کی قیمتوں میں 26 پیسے اضافے کی خبروں کی تردید کردی

  



اسلام آباد (آئی این پی)پاور ڈویژن نے بجلی کی قیمتوں میں 26 پیسے اضافے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ حالیہ دنوں میں کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیاگیا، میڈیا میں زیرگردش نوٹیفکیشن پرانا ہے جو نومبر میں جاری کیاگیا، ایسی خبریں عوام میں کنفیوژن پھیلانے کے لئے چلائی جارہی ہیں۔

ترجمان پاور ڈویژن کی جانب سے جاری وضاحتی بیان کے مطابق بعض ٹی وی چینلز پر بجلی کی قیمتوں میں 26 پیسے اضافے کی خبریں چلائی جا رہی ہیں۔ یہ وضاحت کی جاتی ہے کہ یہ تیسری مرتبہ ہے کہ ایسی خبر عوام میں کنفیوژن پھیلانے کے لئے بار بار پھیلائی جاتی ہے۔ ترجمان کے مطابق ای سی سی نے 25 نومبر 2019 کو نیپرا کے تعین کردہ بجلی کے نرخوں کی منظوری دی تھی اور اس موقع پر بھی اس کی خبر چلائی گئی جب کہ 29 نومبر کو ہی پاور ڈویژن کی جانب سے اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ اس لئے واضح کیا جاتا ہے کہ یہ وہی نرخ ہیں تاہم میڈیا میں یہ تاثر پیدا کیے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اب کوئی نیا نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نیپرا کی جانب سے حقیقت میں سہ ماہی ٹیرف کی مد میں 15 پیسے کی ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا گیا،اس سے تین سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین مستثنیٰ ہیں جو کہ 75 فیصد ہیں تاہم دیگر درجے کے صارفین پر اس کا اطلاق ہوتا ہے۔ ترجمان نے ایک بار پھر وضاحت کی کہ یہ نوٹیفکیشن پرانا ہے جو 29 نومبر کو جاری کیا گیا۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد