تاجر برادری نے کورونا کی موجودہ صورتحال میں عوامی صحت کو اہم قرار دیدیا
لاہور (اے پی پی)تاجر برادری نے کرونا کی موجودہ صورتحال میں سیاست کی بجائے عوامی صحت کو اہم قرار دے دیاہے،جلسے جلوسوں کی سیاست کرنیوالی جماعتوں کو احتجاجی سیاست کی بجائے عوامی صحت کو مقدم رکھنا چاہیئے اور اپنے عوامی جلسوں کے شیڈول پر دوبارہ غور کرنا چاہئے،تاجر رہنماؤں نے کہا ہے کہ اگرچہ پی ڈی ایم کو سیاست کرنے کا پورا حق ہے، لیکن اس کو اپنے عوامی جلسوں کے شیڈول پر دوبارہ غور کرنا چاہئے اور اپنے لوگوں کو وبائی مرض سے بچانے کے لئے اس طرح کی سرگرمیوں کو ترک کرنا چاہئے۔سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرویونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے آئندہ انتخابات میں صدارتی امیدوار خالد تواب اور نائب صدر کے امیدوار الماس حیدر نے بتایا کہ اس صورتحال میں ملک سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ "ہمیں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جو پاکستان میں متعدد چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مستقل معاشی نمو کی شرط ہے۔ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات میں صدارتی امیدوار خالد تواب نے کہا کہ کورونا وائرس نے بڑے اور ترقی یافتہ ممالک کی معاشی نظام کو کمزور کردیا ہے اور عوامی اجتماعات کے انعقاد سے یقینی طور پر معیشت کو سخت نقصان پہنچے گاجبکہ نائب صدرکے امیدوار الماس حیدر نے کہا ہے کہ کم سے کم عوامی و سماجی اجتماعات اور دیگر تمام ایس او پیز کی پابندی سے کورونا وائرس کے جلد خاتمے میں مدد ملے گی۔نینو میڈیسن اور متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر ملک احسان اللہ نے بتایا کہ وائرس کی سب سے عام علامات بخار، خشک کھانسی اور تھکاوٹ ہیں، جبکہ دیگرعلامات میں درد، گلے کی سوزش، اسہال، آشوب مرض، سر درد، ذائقہ یا بو کی کمی، جلد پر دھبے شامل ہیں۔
تاجر برادری