ریسکیو 1122 سوات سٹاف کیلئے فرسٹ ایڈ او ر آگ سے بچاؤ کی تربیت
پشاور(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر سوات ملک شیر دل خان کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ آئی چارباغ آب حیات خان کی نگرانی میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے پرل کانٹینینٹل ہوٹل مالم جبہ کے ایڈمنسٹریشن اور دیگر تمام سٹاف کو میڈیکل میں فرسٹ ایڈ اور آگ سے بچاؤ کی خصوصی ٹریننگ دی۔ٹریننگ کے دوران ہوٹل ورکرز کو ہر قسم ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کے پہنچنے سے پہلے مریض یا زخمی کو فوری فرسٹ ایڈ فراہم کرنے اور آگ کی صورت میں آگ پر قابو پانے یا کم کرنے کے طریقے بتائے گئے تاکہ انسانی جانوں اور املاک کا ضیاع کم سے کم ہو۔ٹریننگ کے دوران ریسکیو 1122 کے جوانوں نے کویڈ۔19 کے ایس او پیز کے بارے میں بھی تمام سٹاف کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فیس ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں اس کے علاوہ ریسکیو کے بارے میں بھی آگاہی پیغام دیا کہ ریسکیو 1122 عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر بین الاقوامی معیار کی تمام تر سہولیات بالکل مفت فراہم کرتا ہے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہمارے ٹال فری نمبر #1122پر مفت کال کریں اور ریسکیو 1122کی خدمات حاصل کریں۔