فیس بک کا ' ڈیف ریچ' سکول نیٹ ورک کے ساتھ اشتراک
کراچی(اسٹاف رپورٹر) معذور افراد کے عالمی دن پر، فیس بک نے فیملی ایجوکیشن سروسز فاؤنڈیشن (ایف ای ایس ایف) ڈیف ریچ کے ساتھ اشتراک کیا ہے، یہ ادارہ پاکستان میں سماعت سے معذور افراد کی کمیونٹی کی ضروریات کو پوری کرنے والے اسکولوں کا واحد برانچ نیٹ ورک ہے۔ ڈیف ریچ اسکول نیٹ ورک کے اندر سماعت سے محروم طلبا فیس بک کے 'وی تھنک ڈیجیٹل' آن لائن سفیٹی سے متعلق ریسورس کو اپنا سکیں گے۔اس اہم دن کو منانے اور اس اشتراک کا اعلان کرنے کے لئے، ڈیف ریچ نے فیس بک کے ساتھ مل کر ایک ''ڈیجیٹل لٹریسی اور کنکٹیویٹی کے ذریعہ بااختیار بنانا'' کے عنوان سے ایک آن لائن گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا۔ جس میں اس بات کو زیر بحث لایا گیا کہ آن لائن معذور افراد کے تجربے کو بہتر بنانے کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے تاکہ وہ اپنے فائدے کے لئے انٹرنیٹ کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لاسکیں۔ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے، بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا، ''معاشرے کے لئے اہم ہے کہ وہ مختلف معذور افراد کے لئے وسائل فراہم کریں تاکہ وہ بھی معاشرے کے قابل قدر شہری بن سکیں۔ ملک میں سول سوسائٹی کے ساتھ سرکاری اور نجی شعبے کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ معذور افراد کی تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور روزگار کے مواقع تک رسائی کو آسان بنائیں۔ انہوں نے کمیونٹی کے لئے ڈیف ریچ اور فیس بک کے اشتراک کے ذریعہ کئے گئے کام کی تعریف کی، انہوں نے اس حقیقت پر زور دیا کہ ڈیجیٹل طور پر مربوط پاکستان ہر ایک کے لئے آگے بڑھنے کا ذریعہ ہے۔ ''