کراچی میں کورونا وائرس تشویشناک حد پھیل رہا ہے، افتخار شلوانی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس تشویشناک حد پھیل رہا ہے اس کے تدارک کے لئے شہریوں اور انتظامیہ کا اشتراک ضروری ہے، احتیاطی تدابیر ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم اس وباء سے بچ سکتے ہیں، یہ بات انہوں نے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز اور فائر بریگیڈ کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی مرکزی عمارت کو ہفتے کے روز کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے کلورین ملے پانی سے دھویا گیا ہے اور عمارت کو ڈس انفیکٹ کیا گیا ہے جبکہ جراثیم کش فوگ اسپرے کیا گیا ہے تاکہ عمارت مکمل طور پر کورونا وائرس اور دیگر جراثیم سے محفوظ کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ افسران و ملازمین کی صحت اور زندگی کو پہلی ترجیح حاصل ہے اس لئے وہ تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں جن سے افسران و ملازمین اور مرکزی دفتر میں آنے والے شہریوں کو کورونا وائرس سمیت دیگر جراثیم سے بچایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں ملک کے دیگر شہروں کی طرح کورونا وائرس نے شدت اختیار کرلی ہے اس لئے شہریوں کو سختی کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر نے شہریوں کو زیادہ متاثر کیا ہے اس لئے شہری بلاضرورت گھر سے نکلنے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور تقریبات میں جانے سے احتیاط سے کام لیں، انہوں نے کہا کہ ویکسین کے آنے تک ہمیں اس وباء کا مقابلہ کرنا ہے اور مقابلے کی واحد صورت ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان کے مطابق ہفتے کے روز فائربریگیڈ کی گاڑیوں کے ذریعے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مرکزی عمارت کے فرش، دیواروں، دروازوں اور کھڑکیوں کو دھویا گیا جبکہ شام کے اوقات میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا جس میں فیومیگیشن کی گاڑیوں نے حصہ لیا اور دفاتر میں مینول طریقے سے اسپرے کیا گیا، ہفتے کے روز تعطیل ہونے کے باعث دفاتر کو ڈس انفیکٹ کرنے کے لئے خصوصی طور پر کھولا گیا، جمعہ کے روز کورونا وائرس کا ایک مریض سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم کے دفتر میں داخل ہوا تھا جس کے باعث احتیاطی طور پر یہ اقدامات کئے گئے جبکہ ادارے کی جانب سے شہزاد انور نامی اس ملازم کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور قانون کے مطابق اس ملازم کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔