سانحہ ماڈل ٹاؤن‘دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر
لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کے خلاف دائردرخواستیں سماعت کے لئے مقرر کر دی ہیں، چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم 7رکنی فل بنچ 7دسمبر کوان درخواستیں کی سماعت کرے گا،فاضل بنچ کے دیگرارکان میں سینئر ترین جج جسٹس محمد امیر بھٹی،جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عالیہ نیلم،جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر،جسٹس اسجد جاوید گھرال اور جسٹس فاروق حیدر شامل ہیں،درخواست گزارپولیس انسپکٹر رضوان قادر اور ہیڈ کانسٹیبل خرم رفیق نے دوسری جی آئی ٹی بنانے کے اقدام کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت عالیہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری جے آئی ٹی تشکیل دینے کانوٹفکیشن معطل کررکھا ہے، درخواست میں کہا گیاہے کہ پہلی جے آئی ٹی کی تحقیقات کے بعد مقدمہ کا چالان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جاچکا ہے،انسداددہشت گردی کی عدالت میں میں متعدد گواہوں کے بیانات بھی ریکارڈہوچکے ہیں، درخواست میں نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ پہلی جے آئی ٹی کی موجودگی میں دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل نہیں دی جاسکتی،عدالت سے استدعاہیکہ دوسری جے آئی ٹی کو کالعدم قرار دیا جائے۔
سماعت مقرر