ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری کیساتھ 27 سال سے اسرائیلی ایجنٹ کام کررہا تھا، تہلکہ خیز دعویٰ
مقبوضہ بیت المقدس (ویب ڈیسک )ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری کے ساتھ 27 سال سے اسرائیلی ایجنٹ کا م کررہا تھا، اسرائیلی خفیہ ایجنسی نے 1993 میں ایک ایجنٹ فخری زادے کے ساتھ لگادیا تھا، جس نے بڑی کامیابی سے ایرانی سائنسدان کی ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کی۔
روزنامہ جنگ کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس ادارے موساد نے ایرانی جوہری سائنس دان محسن فخری زادہ کے ساتھ اپنا ایک ایجنٹ لگا دیا تھا جو ان کے بہت قریب رہا۔ یہ بات جمعے کے روز تل ابیب میں سیکورٹی ذرائع نے بتائی۔ فخری زادہ کو گذشتہ جمعے کے روز تہران میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔
اخباری ذرائع کے مطابق موساد کا یہ ایجنٹ 27 سال قبل 1993ءمیں فخری زادہ کے قریب آنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ ایجنٹ نے مقتول سائنس دان کی آواز بھی ریکارڈ کر لی تھی جس میں وہ ایرانی عسکری جوہری منصوبے کے بارے میں گفتگو کر رہے تھے۔اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایران میں جوہری تنصیبات کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کا آغاز اسرائیل میں 2008میں ہوا۔ اس وقت سابق وزیر اعظم ایہود اولمرت کی حکومت تھی جب کہ ایہود باراک سیکورٹی کے وزیر کے منصب پر فائز تھے۔ اسی دوران اسرائیل کو ایرانی جوہری سائنس دان فخری زادہ کی آواز میں ایک وڈیو ٹیپ موصول ہوئی۔ ٹیپ میں وہ ایران کے خفیہ عسکری جوہری پروگرام کے بارے میں بات کر رہے تھے۔