بزرگ خاتون نے مرنے سے پہلے سوا ارب روپے پڑوسیوں میں تقسیم کردیے

برلن (ڈیلی پاکستان آن لائن) جرمنی کی ایک معمر خاتون نے مرنے سے پہلے اپنے ساڑھے سات ملین ڈالر (ایک ارب 20 کروڑ روپے) کے اثاثے پڑوسیوں میں تقسیم کردیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن دارالحکومت برلن کی بزرگ خاتون رینیٹ کا انتقال ایک سال قبل دسمبر 2019 میں 81 برس کی عمر میں ہوا تھا۔ خاتون کا کوئی قانونی وارث نہیں تھا جس کے باعث اس نے پڑوسیوں میں جائیداد تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔
بزرگ خاتون 1975 سے اس علاقے میں مقیم تھی تاہم 2014 میں شوہر کے انتقال کے بعد اسے 2016 میں نرسنگ ہوم منتقل کردیا گیا تھا۔ دسمبر 2019 میں خاتون کے انتقال کے بعد پڑوسیوں میں جائیداد تقسیم کرنے کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب اپریل 2020 میں انتظامیہ نے پڑوسیوں کو اس بارے میں آگاہ کیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رینیٹ نے اپنی جائیداد پڑوسیوں میں اس لیے تقسیم کی ہے تاکہ وہ اسے علاقے کی فلاح و بہبود پر خرچ کرسکیں۔