پی ڈی ایم کا 13 دسمبر کو معرکہ لاہور،صوبائی وزیر میاں محمودالرشیدنے اپوزیشن کو واضح پیغام دے دیا

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے این آر او نہ ملنے کے بعد نام نہادپی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جلسے جلوسوں کا جو سلسلہ شروع کیا ہے، اس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، جلسے جلوسوں سے کبھی حکومتیں نہیں گرا کرتیں،بدعنوانوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔
اپنے بیان میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ این آر او نہ ملنے کی مایوسی میں دونوں جماعتوں کی چیخ و پکار میں اضافہ ہوگیا ہے لیکن عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت احتساب کا سلسلہ جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلسل 30سال تک اقتدار میں رہنے والی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا یک نکاتی ایجنڈا ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دینا ہے،پی ٹی آئی حکومت ان کی کرپشن پر پڑے سارے پردے اٹھا کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب ان کی اربوں روپے کی بدعنوانیوں کو قوم کے سامنے لایا ہے تو انہیں تکلیف ہو رہی ہے لیکن یہ جتنا مرضی شور مچا لیں، کرپٹ عناصر کو سزا دلانے تک احتساب کا عمل جاری رہے گا،وزیراعظم عمران خان کو قوم نے کرپشن کے خاتمے کیلئے ووٹ دیا ہے اور وہ کرپشن کرنے والوں کو ہرحال میں بے نقاب کریں گے۔