وزیر خارجہ آج سے برسلز کا 3روزہ دورہ کرینگے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی (آج ) چھ دسمبر سے آٹھ دسمبر تک برسلز کاتین روزہ دورہ کریں گے ،اپنے اس تین روزہ دورے میں وہ بیلجیم کی قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرینگے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چھ دسمبر سے آٹھ دسمبر تک برسلز کا دورہ کریں گے ۔وہ بیلجیم کی قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ بیلجیئم کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ صوفی ولیمز کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں۔ان کے اس دورے سے پاکستان اور بیلجیم کے قریبی دوستانہ تعلقات کومزید فروغ ملے گا ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی،تجارتی، تعلیمی، ثقافتی اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں مستحکم تعلقات ہیں جنہیں مزید فروغ ملے گا۔