لاہور ضمنی الیکشن میں شکست کے باوجود پیپلز پارٹی کے کیمپوں میں خوشی کے شادیانے ، آصف زرداری نے بھی پیغام جاری کردیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کےکو چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری نے این اے 133میں شاندار نتائج پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی قیادت انکی ٹیم اور کارکنوں کی محنت رنگ لائی ہے، پیپلز پارٹی نے لاہور میں نیا جنم لے لیا ہے جو پنجاب میں تبدیلی کا باعث بنے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ہونے والے این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک نے 46 ہزار 811 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اسلم گل نے 32 ہزار 313ووٹ حاصل کرکے پنجاب کی سیاست میں ناقدین کو حیران کردیا ہے ،پیپلز پارٹی کی اس شکست کے باوجود جیالے بڑی تعداد میں ووٹ حاصل کرنے پر خوشی منا رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی قیادت بھی لاہور ضمنی الیکشن میں پارٹی کی کارکردگی پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہی ۔
آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف کو ٹیلی فون پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کا ضمنی الیکشن پیپلز پارٹی کے لیے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا ہے۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ این اے 133 کی کارکردگی پر خوش ہوں، ہمارے جیالے یہ الیکشن جم کر لڑے ہیں، اس الیکشن سے پیپلز پارٹی کا پورے پنجاب میں ریواول ہوگا، اب پورے پنجاب کے اندر دما دم مست قلندر ہوگا۔
دوسری طرف پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کے لاہور رہنے سے جیالے مزید چارج ہوئے ہیں، اگر ہماری قیادت اسی طرح ہمارے پیچھے کھڑی رہی تو پنجاب کے اندر کو ئی برج نہیں ٹکے گا،جو کہتے تھے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں ختم ہو گئی ہے، یہ 100/200 ووٹ لینے والی جماعت ہے، این اے 133 کا رزلٹ انکے منہ پر بہت بڑا طمانچہ ہے۔