’این اے 133 ضمنی انتخاب، تحریک انصاف آؤٹ ہو کر بھی الیکشن جیت گئی‘
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے دعوی ٰکیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 ضمنی انتخاب سے آؤٹ ہوکر بھی الیکشن جیت گئی،ووٹرز کا ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا اور پولنگ سٹیشن سنسان پڑے رہے، عوام نے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ نہ دے کر ثابت کردیا کہ ان کا یقین پاکستان تحریک انصاف پر ہی ہے۔
پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نےحلقہ این اے 133 ضمنی انتخاب کے حوالے سے اپنا پیغام جاری کرتے ہوئےکہا کہ آج ووٹرز کا ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا اور پولنگ سٹیشن سنسان پڑے رہے۔انہوں نے ٹرن آؤٹ کی کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو ووٹ نہ دے کر ثابت کردیا کہ ان کا یقین پاکستان تحریک انصاف پر ہی ہے، اپوزیشن اب ووٹ کو ترسے گی کیونکہ عوام نے انہیں ہری جھنڈی دکھا دی ہے، ایسا ٹرن آؤٹ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آئند الیکشن میں کلین سویپ کرے گی۔
حسان خاور نے کہا کہ جو اپوزیشن ووٹر کو گھروں سےنہ نکال سکی وہ احتجاج کیلئے کیسے نکالے گی ؟ ٹرن آؤٹ کم رہنے سے ثابت ہوگیا کہ عوام نے ضمنی انتخاب کومستردکردیا، ایسے میں الیکشن کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کو میدان سے باہر کرنے پر عوام نےاحتجاجا ووٹ کاسٹ نہیں کئے، ضمنی الیکشن سےعوام کی لاتعلقی اپوزیشن کی سیاست میں آخری کیل ہے، اپوزیشن اب بھی ہوش کے ناخن لےاور احتجاج کی سیاست سے باز آجائے، پی ٹی آئی ضمنی انتخاب سے آؤٹ ہوکر بھی الیکشن جیت گئی ہے۔