سرسید چیلنج کپ، فیم کا باٹھ اور رئیل لاہور کا ڈیمولیشن کیخلاف فتح

  سرسید چیلنج کپ، فیم کا باٹھ اور رئیل لاہور کا ڈیمولیشن کیخلاف فتح

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) فیم فٹ بال کلب نے 13ویں سرسید احمد خان چیلنج کپ کے افتتاحی میچ میں باٹھ فٹ بال کلب کو ایک صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز کردیا۔ علیگڑھ پبلک سکول و کالج مانگا منڈی کی گراونڈ میں کھیلے گئے میچ دونوں ٹیموں کی جانب سے شاندار کھیل پیش کیا گیا۔ فیم فٹ بال کلب کو میچ کے پہلے ہاف میں برتری ملی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرے میچ میں رئیل لاہور نے ڈیمولیشن ایف سی کو صفر کے مقابلے تین گولز سے مات دی۔ ڈیمولیشن پہلے دس منٹ میچ میں حاوی رہی تاہم بعد میں رئیل لاہور کے پے درپے حملوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگئی۔ افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی صدر فیم فٹ بال کلب ضیاء  عارف ڈوگرکا ٹیموں سے تعارف کروایا گیا اور انہیں ایونٹ انتظامیہ کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گی۔ ایونٹ کے چیف آرگنائزرسلیم احمد خان نے ایونٹ کو اسپانسرز کرنے پر جی ایم بلیو ٹاون سفائرز چوہدری سرور اور ڈائریکٹر اطہر ایسوسی ایٹ میاں عثمان علی کا شکریہ ادا کیا۔ ایونٹ کے آرگنائزر اشفاق حسین مغل نے مہمان خصوصی ضیاء  عارف ڈوگر،ایونٹ میں شریک ٹیموں اور ریفریز کا شکریہ ادا کیا اور جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دی۔ قائد فٹ بال کلب کے جنرل سیکرٹری چوہدری بدر لطیف گجر اور باٹھ فٹ بال کلب کے عبدالستار زاہد نے ایونٹ کے شاندار انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ ایونٹ کے آرگنائزنگ سیکرٹری میاں اعجاز کے مطابق ایونٹ میں آج شیخوپورہ اور ریڈرز ایف سی جبکہ رئیل باٹھ اور لاہور یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ 

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -