حکومت نے وسائل کو عوامی مسائل حل کرنے کیلئے استعمال کیا،جمشید چیمہ
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے مشن کے مطابق ہم سب سوشل سروسز کے لئے آئے ہیں،تحریک انصاف نے دوسری سیاسی جماعتوں کی طرح حکومت یا ریاست کی طاقت کو لوگوں کو ڈرانے دھمکانے یا دھونس کیلئے استعمال نہیں کیا بلکہ ہم نے اس طاقت اور وسائل کوپسے ہوئے طبقات کے مسائل حل کرنے کیلئے استعمال کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 133 میں مقامی لیڈر شپ امپاور منٹ پروگرام کے حوالہ سے ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ،عبدالکریم کلہواڑ،ندیم چوہدری،ملک قیصر، امجدخان،عمر راجپوت،خالد سندھو،غلام رسول چوہان،اطہر بخاری،میاں ارشد محمود سمیت دیگر بھی موجود تھے۔پروگرام کے ٹرینر ساجد اقبال نے ورکشاپ کے شرکا ء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے شرکاء کو بنیاد ی مسائل کے حل،وفاقی،صوبائی اور ضلعی محکموں کے حکام سے مسائل کے حل کیلئے بات چیت کرنے اوراپنے اندر قائدانہ صلاحیتوں بڑھانے کے حوالے سے تربیت دی۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مستحق طبقات کیلئے کئی طرح کے پروگرام شروع کئے ہیں جس سے وہ استفادہ کر رہے ہیں، احساس پروگرام کے تحت نہ صرف مستحق طبقات کی مدد کی جارہی ہے بلکہ نوجوانوں اور خواتین کو آگے بڑھنے کیلئے بھی مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے سیاست کرنے والی مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی فرسودہ نظام کے ذریعے عوام کو اپنا غلام بنا کررکھنا چاہتے ہیں لیکن تحریک انصاف نے عوام کواپنے حقوق کا شعوردیا ہے،آج دونوں جماعتیں سکڑ کر مخصوص علاقوں تک محدود ہو گئی ہیں اورانشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں بھی عوام ان کی سیاست کا حشرنشرکر دیں گے۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔