نفاذ اسلام کیلئے جد وجہد کرنا ہی ہمارا مشن ہے ہے،مولانا خواجہ خلیل احمد

نفاذ اسلام کیلئے جد وجہد کرنا ہی ہمارا مشن ہے ہے،مولانا خواجہ خلیل احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی)خانقاہ سراجیہ مجددیہ (کندیاں شریف) کے سجادہ نشین حضرت مولانا خواجہ خلیل احمد نے کہا ہے کہ دین اسلام غالب ہونے کے لیے آیا ہے اور اس کی حفاظت اللہ تعالیٰ خود فرمائیں گے۔ ہمارا کام صحیح رخ اور صحیح سمت کے ساتھ نفاذ اسلام کی جد وجہد کرنا ہے۔ وہ دورہ چیچہ وطنی کے موقع پر مجلس احرار اسلام کے دفتر جامع مسجد چیچہ وطنی میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ،احرار کارکنوں اوراپنے متوسلین سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔عبداللطیف خالد چیمہ نے اس موقع پر خواجہ خلیل احمد کو تحریک ختم نبوت کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ 
خواجہ خلیل احمد نے کہا کہ دین دشمن لابیاں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف مختلف ہتھیار استعمال کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چناب نگر (ربوہ) کے نیشلائزڈ تعلیمی ادارے کسی صورت قادیانیوں کو نہیں دیئے جانے چاہیں کیونکہ اس سے قادیانیوں کی اجارہ داری قائم ہوگی اور ارتداد پھیلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حیرت ہے کہ وفاق کے نمائندے چودھری محمد سرور (گورنر پنجاب) لندن میں مشہور زمانہ قادیانی لارڈ طارق احمد کو اعزاز پاکستان سے نواز رہے ہیں جب کہ قادیانی وفاق پاکستان اور دستور پاکستان کی دشمنی میں پیش پیش ہیں۔ خواجہ خلیل احمد جو جمعیت علماء  اسلام پاکستان کے مرکزی سرپرست اعلیٰ بھی ہیں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن دینی قوتوں کی سیاسی سطح پر نمائندگی کا حق ادا کر رہے ہیں جب کہ لادینی قوتیں انہیں کمزور کرنے کے لیے حربے اختیار کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام دینی قوتوں کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائے اور امن و امان قائم ہو جائے۔ بعد ازاں انہوں نے گزشتہ سال وفات پا جانے والے جمعیت علماء  اسلام کے رہنماء  حافظ محمد حبیب اللہ چیمہ کی جائے وفات پر دعائے خیر کی اور مرحوم کی خدمات کو سراہا۔ علاوہ ازیں خواجہ خلیل احمد نے مولانا عبدالباقی کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر ان کے بیٹوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور دعائے مغفرت کی جب کہ مفتی ظفر اقبال کے فرزندطلحہ ظفر کا نکاح بھی پڑھایا۔