پی ڈی ایم سٹیئر نگ کمیٹی کالانگ مارچ، اسمبلیوں سے استعفوں پر اتفاق، اعلان آج سربراہی اجلاس میں متوقع

      پی ڈی ایم سٹیئر نگ کمیٹی کالانگ مارچ، اسمبلیوں سے استعفوں پر اتفاق، ...

  

       اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفوں پر اتفاق کرتے ہوئے سفارشات تیار کرلیں، لانگ مارچ سے پہلے چاروں صوبوں میں کنونشن اور احتجاجی جلسے کرنے پربھی اتفاق کیا گیا،لانگ مارچ کی تاریخ اور استعفوں کے وقت کا تعین آج پیر کو ہونیوالے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں کیا جائیگااتوار کو پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں حافظ حمد اللہ،جہانزیب جمالدینی،سکندر شیرپاؤ،کاشف رندھاوا،میرکبیر احمد نے شرکت کی،اجلاس میں لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن پر غور کیا گیا، اور لانگ مارچ اور استعفوں کی حمایت میں سفارشات تیار کیں۔اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتوں نے اپنی اپنی جماعت کی جانب سے لانگ مارچ اور استعفوں سے متعلق سفارشات سٹئیرنگ کمیٹی میں پیش کیں،ذرائع کے مطابق اجلاس میں لانگ مارچ سے پہلے چاروں صوبوں میں کنونشن اور احتجاجی جلسے کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے، تاہم لانگ مارچ کب ہوگا اور استعفے کب دینے چاہئیں، وقت اور تاریخ کا تعین پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس کرے گا۔اسٹئیرنگ کمیٹی کی سفارشات (آج)پیر کو ہونیوالے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی، جس کی صدارت مولانا فضل الرحمان کریں گے، سربراہی اجلاس اسلام آباد میں ہوگا،مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا اہم سربراہی اجلاس پیر کوسربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہو گا،اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتیں سربراہی اجلا س میں اپنی، اپنی جماعتوں کی لانگ مارچ اور استعفوں سے متعلق حتمی سفارشات پیش کرینگی۔

پی ڈی ایم 

مزید :

صفحہ اول -