سیالکوٹ واقعہ انسانیت پر بد نما داغ، انصاف ہوتا ہوا نظر آئیگا: عثمان بزدار

    سیالکوٹ واقعہ انسانیت پر بد نما داغ، انصاف ہوتا ہوا نظر آئیگا: عثمان ...

  

        لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ حکومت سیالکوٹ واقعہ میں سری لنکاکے جاں بحق شہری کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے -واقعہ کے بعد پولیس نے نہ صرف ملوث افراد کو گرفتار کیا بلکہ امن عامہ کی فضا کو بھی یقینی بنایا- اس کیس میں انصاف ہوتا ہوا نظرآئے گا-انسپکٹر جنرل پولیس کوہدایت کی ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی جلد مکمل کی جائے-انہوں نے کہا کہ جس طرح ہماری حکومت نے پنجاب میں دیگر ہائی پروفائل کیسوں کومنطقی انجام تک پہنچایاہے، انشاء اللہ اس کیس کو بھی منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا -سیالکوٹ واقعہ انسانیت پر بدنما داغ ہے-واقعہ میں ملوث ملزمان قانون کے مطابق عبرتناک سزا کے مستحق ہیں -حکومت انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ظالموں کو قرار واقعی سزا دلائے گی-انہوں نے کہا کہ اندوہناک واقعہ کے ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے۔اس واقعہ پر قوم کے دل زخمی ہیں -سانحہ سیالکوٹ فیکٹری ملازمین کے تشدد سے سری لنکن شہری کی ہلاکت کا واقعہ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پنجاب پولیس نے چھاپوں کے دوران مزید 6 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سائنٹفک انداز سے تفتیش کو آگے بڑھایا جائے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سی سی ٹی سی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا سے گزشتہ 12گھنٹے میں پولیس نے مزید 6 مرکزی کرداروں کا تعین کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کو ویڈیو فوٹیج میں غیر ملکی شہری پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو فوٹیج میں کچھ ملزمان کے ہاتھوں میں ڈنڈے اور کچھ کو تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ملزمان اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے گھروں میں گرفتاری کے ڈر سے چھپے ہوئے تھے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے تفتیش کر رہی ہے اور اب تک کی تحقیقات کے مطابق 124 زیرحراست افراد میں سے 19 ملزمان کا مرکزی کرادر سامنے آیا ہے۔ زیر حراست افراد میں سے اشتعال پھیلانے اور تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب تحقیقات کے سارے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیکرٹری پراسکیوشن کو کیس کی مکمل پیروی کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے سندھ ثقافت کے دن پر سندھ کے عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ سندھ کی ثقافت کا شمار دنیا کی منفرد اور قدیم ثقافتوں میں ہوتا ہے۔ سندھ کی ثقافت کے رنگ محبت اور یگانگت سے بھرپور ہیں۔سندھ میں بسنے والے ہمارے بہن بھائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اخوت اور رواداری پر مبنی سندھی ثقافت کا حسن سب سے جدا ہے۔سندھ کی ثقافت تاریخ کی عظیم تہذیب کی آئینہ دار ہے۔ میانوالی میں خصوصی کیفے کا قیام-وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میانوالی میں خصوصی افراد کا کیفے خوشحال بن گیا -وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کیفے خوشحال کو خصوصی افراد چلائیں گے۔کیفے سے حاصل ہونے والی آمدن خصوصی افراد کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔خصوصی افراد کے کیفے کا قیام موجودہ حکومت کا ایک اور فلاحی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ میانوالی کی انتظامیہ نے خصوصی کیفے بنا کر نیک نامی کمائی ہے۔خصوصی افراد صلاحیتوں میں نارمل انسانوں سے کم نہیں۔خصوصی افراد کی صلاحتیں بھی خاص ہوتی ہیں۔خصوصی افراد کو کیفے سے نہ صرف روزگار ملے گا بلکہ ان کی فلاح و بہبود میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کیفے کا دائرہ کار دیگر اضلاع میں بھی بڑھایا جائے گا۔منتخب نمائندوں عبدالرحمان خان، امین خان، پی ٹی آئی کے عہدیداران ڈپٹی کمشنر میانوالی خرم شہزاد اور ڈی پی او میانوالی نے کیفے خوشحال کا افتتاح کیا-ڈپٹی کمشنر میانوالی نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار خصوصی افراد خود کیفے کو چلائیں گے۔کیفے پر کام کرنے والے خصوصی افراد کو ماہانہ تنخواہ دی جائے گی۔ سردار عثمان بزدار  نے کہا کہ ملک عدنان قوم کا ہیرو۔۔۔ہمیں آپ پر فخر ہے۔سیالکوٹ واقعہ کے دوران سری لنکن شہری کی جان بچانے کے لیے ملک عدنان کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ملک عدنان نے جان پر کھیل کر سری لنکن شہری کو بچانے کی پوری کوشش کی۔ملک عدنان کا مثالی کردار قابل قدر رہا۔انہوں نے کہا کہ ملک عدنان نے سری لنکن شہری کو بچانے کیلئے اپنی زندگی کی پرواہ نہیں کی۔ملک عدنان جیسے شہری ہمارے معاشرے کا اثاثہ ہیں۔

عثمان بزدار 

مزید :

صفحہ اول -