پیپلز پارٹی نے کبھی آڈیو وڈیو کی سیاست نہیں کی ہم تو اسکا شکار ہوئے ہیں: پرویز اشرف

پیپلز پارٹی نے کبھی آڈیو وڈیو کی سیاست نہیں کی ہم تو اسکا شکار ہوئے ہیں: ...

  

       لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ انشاء اللہ پیپلز پارٹی کی کامیابی دیکھ رہا ہوں،ووٹرز والہانہ محبت کا اظہار کر رہا ہے،غریب ووٹرز کی صورتحال بہت بری ہے وہ اب تبدیلی چاہتے ہیں۔وہ ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی آڈیو وڈیو کی سیاست نہیں کی ہم تو اس کا شکار ہوئے ہیں۔ہمارا ووٹر مڈل کلاس اور غریب ہیں،ایسی روش کی مذمت کرتے ہیں، گزشتہ الیکشن میں کم ووٹ پڑنے کی وجہ ہماری غلطیاں ہیں اب ایک ایک کارکن  اورعام ووٹر گھروں سے نکل چکا ہے۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی نے مریم کالونی بلاک ون میں ن لیگی کارکنوں کی طرف سے پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر دھاوے اور تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں پرمریم کالونی میں دھاوے کے بعد ن لیگ کی الیکشن کمشن کو درخواست الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر لاہور میں پی پی نے دھاندلی کرنی ہے تو ن لیگ سیاست چھوڑ دے،90ہزار ووٹ لینے والی جماعت 5ہزار ووٹ والوں کو طعنے دے رہی ہے،ن لیگ والے خدا کا خوف کریں اور رزلٹ آنے دیں۔

پرویز اشرف

لاہور(نمائندہ خصوصی) حلقہ این اے133میں ہونیوالے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ الیکشن کیمپ ایل ڈی اے سکول وفاقی کالونی میں خود پولنگ بوتھ پر ووٹرز لسٹ سے ووٹرز کو پرچیاں بنا کر دیتے رہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ آڈیو ویڈیو پیپلزپارٹی کاوطیرہ نہیں،جن کا یہ کام ہے انہی کو مبارک ہو،جیالوں نے لاہور گرما دیا،مہنگائی اور روزگار کے حالات کی وجہ سے لوگ تنگ ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عدم اعتماد کر کے نئی حکومت کے ذریعے انتخابی قوانین بنائے جائیں، سانحہ سیالکوٹ سے ساری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں،پارٹی کیمپوں کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فرار کا راستہ اختیار کیا جو افسوسناک ہے،پیپلز پارٹی اپنے نظرئیے کی بنیاد پر قائم ہے۔ضمنی الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی کی تنظیم نو اور تیزی سے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ساری پارٹی ایک جان ہے مل کر پارٹی کومضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ الیکشن ہیں،ملک میں آزاد سیاست اور صحافت ہونے دو،سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن پاکستان کیلئے ہم سب متحد ہیں۔

 قمر زمان کائرہ 

مزید :

صفحہ آخر -