عامر صدیقی اہل حدیث یوتھ فورس کے صدر، سلمان اعظم جنر ل سیکرٹری منتخب
لاہور (خصوصی رپورٹ) اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے مرکزی انتخابات مکمل ہوگئے۔ حافظ عامر صدیقی اور حافظ سلمان اعظم بالترتیب صدر اور جنر ل سیکرٹری منتخب، حلف اٹھا لیا،سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے حلف لیا۔ اتوار کے روز مرکزی دفتر میں اہل حدیث یوتھ فورس کی مرکزی مجلس شوری کا انتخابی اجلاس ہوا جس میں تین سو زائدارکان نے اگلے تین سال کے لیے نئے عہدیداروں کا چناؤ کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ساجد میرنے اپنے خطاب میں نومنتخب باڈی کو مبارک باد د ی اور نوجوان علماء پر زوردیا کہ وہ دنیا کے سامنے اسلام کا اصل چہرہ پیش کریں،اسلام اعتدال اور امن کا پیغام دیتا ہے جس میں شدت اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ اسلام دشمنوں کی جانب سے حقیقی اسلام کے مقابلے میں جعلی اور خود ساختہ اسلام کی ترویج کی جا رہی ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے درمیان جنگ اور اختلافات کی آگ بھڑکانا ہے۔ طاغوتی قوتوں نے تکفیری اور شدت پسند گروہوں کو جنم دیا۔سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ہم نے داعش کو بنایا ہے اور اسرائیلیوں کا کہنا ہے کہ اگر شام کا بحران ختم ہوجائے تو ہمیں سیکیورٹی خطرات لاحق ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت عالم اسلام میں بدامنی پیدا کی گئی۔آج نوجوان علمائے کرام کے کاندھوں پر ایک بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ عام افراد کو اسلام کے اصلی چہرے سے روشناس کروائیں تاکہ عوام اصل اسلام اور تکفیری اسلام کی پہچان ہوسکے۔ پروفیسر ساجدمیرنے کہا کہ سیالکوٹ کا واقعہ قرآن وسنت کی تعلیمات کے منافی ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء کو امن عامہ کے قیام، نفرتوں کے خاتمے اور اخوت وحق کے قیام کے لیے کردار اداکرنا ہو گا۔تشدد، قتل و غارت اور اختلاف کی پیدا کردہ منافرت کو دور کرنے کے لیے علماء اور مسالک کے راہنما افراد کو آگے بڑھ کر ایک مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔ مسالک کے سربراہان کو عوامی سطح پر امن کے قیام،انسانی جان کے احترام اور قتل و غارت گری کے خاتمے کے لیے اپنا جوہری کردار ادا کرنا ہو گا اور اپنے مسلک کے پیروکار و افراد کے مثبت اور منفی تمام کاموں کی ذمہ داری قبول کرنی ہو گی۔
پروفیسر ساجد میر