عوام بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا صفایا کرینگے‘ سکندر شیرپاؤ

عوام بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا صفایا کرینگے‘ سکندر شیرپاؤ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹی رپورٹر)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ خراب کارکردگی اور عوام دشمن پالیسیوں کی بدولت عوام آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا پتہ مکمل طور صاف کردے گی کیونکہ گزشتہ تقریباً 39مہینوں میں مہنگائی و بے روزگاری اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں پے در پے اضافہ نے غریب عوام کے اوسان خطاکرکے ان جینا حرام کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں قلعہ شاہ بیگ ضلع پشاور میں قومی وطن پارٹی کے امیدوار برائے تحصیل چیئرمین متھرہ امجد علی مہمند کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،تحصیل متھرہ کے امیدوار امجد علی مہمند، قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے چیئرمین الحاج ملک محمد سلیم چمکنی،جنرل سیکرٹری حاجی فخر زمان اور دیگر نے خطاب کیا۔ سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی خراب طرز حکمرانی کی بدولت غربت اور مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے الیکشن وعدوں کو ایفا کرنے کی بجائے ملک و قوم کوپسماندگی، ہوشربا مہنگائی و بے روزگاری اورمعاشی بدحالی کے دلدل میں دھکیل دیا۔ انھوں نے کہا کہ بیرونی قرضوں میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہوا، پیٹرول کی قیمت عالمی منڈی میں کم ہونے کے باوجود 145روپے لیٹر تک پہنچ گئی۔ انھوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک اورمعیشت عملی طورپرآئی ایم ایف کے کنٹرول میں ہے اور ملک پر عمران کے گرد جمع مافیاز کی حکمرانی ہے۔ نوجوانوں کو روزگار دینے کے وعدے کرنے والی پی ٹی آئی کی حکومت نے لاکھوں بے روزگارنوجوانوں کو دھوکہ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی اب تک کی کارکردگی سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس اہلیت اور ملک کو درست سمت پر ڈالنے سمیت عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی لائحہ عمل موجود نہیں ہے۔