آدمی نے ایسا جواز بنا کر گرل فرینڈ سے شادی سے انکار کر دیا کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہوجائے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ میں ایک آدمی نے ایک ایسا جواز بنا کر اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ شادی کرنے سے انکار کر دیا کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہوجائے۔ دی سن کے مطابق اس دل گرفتہ خاتون نے یہ واقعہ اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ @madimaxپر سنایا ہے۔ وہ بتاتی ہے کہ اس شخص کے ساتھ میرے تعلق کو تین سال گزر چکے تھے اور میں سمجھتی تھی کہ وہی میری زندگی کی محبت ہے اور ہم تمام عمر ساتھ رہیں گے مگر اس نے یہ کہہ کر میرے ساتھ شادی کرنے سے انکار کر دیا کہ میری آمدنی بہت تھوڑی ہے۔
خاتون بتاتی ہے کہ ہم تین سال سے فیملی چھٹیوں پر اکٹھے جا رہے تھے۔ ہم نے اپنی شادی کے متعلق بھی بہت بار بات کی۔ ہم نے اپنی مشترکہ آمدنی کے بارے میں بھی بات کی، وہ میرے بارے میں بہت اچھی اچھی باتیں کرتا تھالیکن اب تین سال بعد اس نے میری کم آمدنی کو بہانہ بنا کرمیرے ساتھ تعلق ختم کر لیا۔ اس نے کہا کہ ”میں تم سے بہت محبت کرتا ہوں، تم بہت اچھی اور محبت کرنے والی ہو لیکن تمہاری آمدنی بہت کم ہے۔ اگر میں تمہارے ساتھ شادی کرتا ہوں تو میں نے اپنے مستقبل کے بارے میں جو کچھ سوچ رکھا ہے، مجھے اس کی قربانی دینی پڑے گی جو کہ میں نہیں دے سکتا۔ “ خاتون کی یہ ویڈیو ٹک ٹاک پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جسے اب تک 2لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔