دو دریائی گھوڑوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ گئے، ان میں کیا علامات ظاہر ہوئیں؟
برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک) یورپی ملک بیلجیم میں دو دریائی گھوڑوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ بھی مثبت آ گئے۔ عالمی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق یہ ہیپوز بیلجیم کے چڑیا گھر ’اینٹورپ‘ میں ہیں۔ چڑیا گھر کے سٹاف کا کہنا ہے کہ جانوروں کی اس جنس میں پہلی بار کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس سے قبل دنیا میں کسی بھی ملک سے اس جنس میں کورونا وائرس کی خبر نہیں آئی۔
رپورٹ کے مطابق ان دونوں ایمانی اور ہرمین نامی ہیپوز کی عمریں 41سال ہیں۔ ان میں ناک بہنے کے علاوہ کورونا وائرس کی اور کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔ چڑیا گھر انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دونوں دریائی گھوڑوں کو دوسرے جانوروں سے الگ کرکے قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ مختلف ممالک میں کتوں، بلیوں، بندروں، چیتوں، ہرنوں، لنگوروں اور لگڑبگوں میں پہلے ہی کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔