ممبئی ٹیسٹ، انڈیا نے نیوزی لینڈ کو بری طرح ہرا دیا

ممبئی ٹیسٹ، انڈیا نے نیوزی لینڈ کو بری طرح ہرا دیا
ممبئی ٹیسٹ، انڈیا نے نیوزی لینڈ کو بری طرح ہرا دیا
سورس: Twitter

  

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت نے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو 372 رنز سے شکست دے دی۔اس کے ساتھ ہی انڈیا نے دو میچز کی سیریز 1-0 سے اپنے نام کرلی۔ انڈین ٹیم کی تینوں فارمیٹس کی ہوم سیریز میں یہ مسلسل 14 ویں کامیابی ہے۔

دوسری اننگز میں انڈیا کی جانب سے  دیے جانے والے 540 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم صرف 167 رنز ہی بنا پائی۔  نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے 60 جب کہ ہینری نکولس نے 44 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپایا۔انڈیا کی جانب سے روی چندرن ایشون اور جینت یادیو نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے چار چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ اکثر پٹیل نے ایک کیوی بلے باز کا شکار کیا۔

خیال رہے کہ ممبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ٹیم انڈیا نے 325 رنز بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ کے اعجاز پٹیل نے اس اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کرکے منفرد اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے بلے باز اعجاز پٹیل کی کارکردگی سے فائدہ نہ اٹھا سکے اورپہلی اننگز میں صرف 62 رنز ہی بنا سکے۔ دوسری اننگز میں انڈیا نے 263 رنز کی لیڈ کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا اور سات وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز بنائے اور مخالف ٹیم کو 540 کا ٹارگٹ دے کر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

مزید :

کھیل -