وزیر اعظم آزاد کشمیر کے اسلام آباد میں موجود سینٹورس مال کو سی ڈی اے نے سیل کر دیا

وزیر اعظم آزاد کشمیر کے اسلام آباد میں موجود سینٹورس مال کو سی ڈی اے نے سیل ...
وزیر اعظم آزاد کشمیر کے اسلام آباد میں موجود سینٹورس مال کو سی ڈی اے نے سیل کر دیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس  کے اسلام آباد میں موجود مشہور سینٹورس مال کو وفاقی دارالحکومت کے محکمہ منصوبہ بندی نے سیل کر دیا ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب  سی ڈی اے  نے وفاقی پولیس کی موجودگی میں سینٹورس مال پر چھاپہ مارا اور مال کی پرائیویٹ سیکیورٹی کو باہر نکال کر مال اور اس کی بیسمینٹ کو سیل کر دیا ہے،  واضح رہے کہ مال میں کچھ روز قبل آگ بھی لگی تھی  لیکن سی ڈی اے کی جانب سے تاحال مال کو سیل کرنے کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

یاد رہے کہ سینٹورس مال وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کے کاروباری گروپ کی ملکیت اور اسلام آباد کا مشہور کاروباری مرکز ہے، سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ  وفاقی حکومت وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے ذاتی انتقام لینے پر اتر آئی ہے اس بات کی دلیل وہ اس طرح دیتے ہیں کہ گزشتہ روز  سردار تنویر الیاس نے  شہباز شریف کی تقریر کے دوران بات کرنے کی کوشش کی  لیکن وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں کہا کہ بیٹھ جائیں بعد میں بات کرتے ہیں لیکن وزیر اعظم آزاد کشمیر کے بار بار تقریر میں خلل ڈالنے پر شہباز شریف غصے میں آ گئے تھےاور وزیر اعظم آزاد کشمیر کی بات سنے بغیر وہاں سے چلے گئے تھے۔ 

سردار تنویر الیاس نے  گزشتہ روز احتجاج بھی کیا اور  موقف اختیار کیا کہ منگلا تقریب کے دوران شہباز شریف نے کشمیریوں خاص کر اہلیان میرپور کی قربانیوں کا ذکر کیوں نہیں کیا، متاثرین منگلا کے مطالبات پورے نہیں کیے  جا رہے اور نہ ہی حقوق دئیے جا رہے۔ 

مزید :

اہم خبریں -قومی -