وزیر خزانہ سے امریکی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقاتیں، اقتصادی و تجارتی شعبوں پر گفتگو
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار سےا مریکی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقاتیں کیں،ملاقاتوں میں اقتصادی و تجارتی شعبوں پر گفتگو کی گئی ۔
امریکی سفیر سے ہونے والی ملاقات کے علامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو اجاگر کیا، وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو بد ترین سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد تعمیر نو اور بحالی سے متعلق منصوبوں سے آگاہ کیا۔امریکی سفیر نے سیلاب کے بحران سے پاکستان کو پہنچنے والے معاشی نقصان کا اعترا ف کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں امریکہ پاکستان کے عوام کیساتھ کھڑا ہے ۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے بھی ملاقات کی ، یو این ڈی پی کے کنسلٹنٹ سرمائیکل باربر بھی ان کے ہمراہ تھے ، ملاقات میں وزیر خزانہ نے ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اپنی بیرونی مالیاتی ذمہ داریوں کو اداکر رہا ہے ، حال میں ہی ایک ارب ڈالرز کے بانڈز کی ادائیگی کی گئی ہے ۔
وزیر خزانہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو بھی سیلاب کے بعد جاری تعیر نو اور بحالی کے پروگرام سے متعلق آگاہ کیا ، کہا کہ تعمیر نو و بحالی کا مرحلہ پانچ سے سات مالی برسوں تک جاری رہے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ برطانوی ہائی کمشنر نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا اور ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ۔